0
Friday 23 Jul 2021 20:01

افغانستان نے سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کیا، شجاع الدین شیخ

افغانستان نے سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کیا، شجاع الدین شیخ
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ طیب اردگان کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بہت مہنگی پڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ ترکی گذشتہ 20 سال سے نیٹو افواج کا حصہ بن کر افغان طالبان کے خلاف جنگی کارروائیوں میں حصہ لے رہا تھا۔ کیا یہ اسلامی بھائی چارے اور اخوت کے خلاف ایک قابل مذمت فعل نہیں تھا؟ انھوں نے کہا کہ آج طیب اردگان افغان طالبان کو اپنے اصولی موقف سے دستبردار ہو کر اشرف غنی کی میڈ اِن امریکہ حکومت سے سمجھوتہ کرنے کا درس دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی اِس کٹھ پتلی حکومت نے بھارت کے اشارے پر پاکستان میں اپنے سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور دشمنانِ اسلام اور دشمنانِ پاکستان سے مل کر دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ شرانگیز سفارتی سرگرمیوں میں ایک خاتون کو ملوث کرنا انتہائی شرمناک فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشرف غنی کی کٹھ پتلی حکومت امریکہ، بھارت اور اسرائیل جیسے دشمنانِ اسلام کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیکولرز اور لبرلز افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کی خبر کے فوراً بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان کے اداروں کے خلاف دشنام طرازی پر اتر آئے تھے، لیکن اب اس ڈرامے کے ڈراپ سین کے بعد انہوں نے مکمل خاموشی اختیار کر لی ہے۔ ان میں یہ اخلاقی جرات ہونا چاہیئے تھی کہ وہ سچ سامنے آنے پر افغانستان کی کٹھ پتلی حکومت کی مذمت کرتے اور پاکستان کے جن ذمہ داران پر انہوں نے غلط خبر کی بنیاد پر تنقید کی تھی، ان سے معذرت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کا کام ہے کہ ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہو اور جھوٹ و افتراء کی مذمت کرے۔ یہی طرز عمل فرد، جماعت، ادارے اور ریاست کو سرخرو کرسکتا ہے اور بعد کی شرمندگی سے بچا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 944744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش