0
Saturday 24 Jul 2021 20:36

اقلیتوں کو کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ثناء بلوچ

اقلیتوں کو کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ثناء بلوچ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے خاران میں پارٹی کے ضلعی رہنماؤں کے ہمراہ ہندو محلے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عید کے پہلے روز نامعلوم مقام سے گولہ گرنے والے متاثرہ گھر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جان و مال کا تحفظ اور خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اقلیتوں کو کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ سیاست سے بالاتر ہوکر ان کے درد، دکھ، خوشی و غم میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ عید کے پہلے روز ہندو محلے میں راکٹ گرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندو برادری ایک پرامن اور بردبار کمیونٹی ہے، خاران کے عوام کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات اور مہر و محبت مثالی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات افسوسناک ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انتظامیہ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کرینگے، تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ اس موقع پر ہندو برادری کے چودری آنند لال، ایڈووکیٹ کنول کمار نے ہندو محلہ آمد پر رکن صوبائی اسمبلی کو ہندو برادری کے دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر حاجی خدا رحم قمبرانی، حاجی نصرت اللہ مینگل، میر شبیر احمد بادینی، چیئرمین غلام دستگیر مینگل، طاہر حسنی، میر نجیب حسن آبادی، امانت حسرت، حافظ ندیم احمد تگاپی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 944922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش