0
Monday 26 Jul 2021 09:15

سیاسی جماعتوں نے الیکشن کو گدلا اور بے وقار بنا دیا ہے، لیاقت بلوچ

سیاسی جماعتوں نے الیکشن کو گدلا اور بے وقار بنا دیا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں مقیم کشمیریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کو پاکستان حکومت اور پاکستان کی مین سٹریم جماعتوں نے بے وقار، گدلا اور متنازع بنا دیا ہے، جماعت اسلامی کیلئے عبدالرشید ترابی کا فیصلہ بڑا دھچکا بنا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات اور اب آزاد کشمیر میں انتخابات سے یہ امر عیاں ہو گیا کہ سیاسی جمہوری قوتیں ریاستی اداروں کی طرح شفاف غیر جانبدارانہ مہذب اور بااعتماد انتخابات کیلئے کوئی وژن اور ارادہ نہیں رکھتیں، ملک بھر میں ملک، جمہوریت، شفاف انتخابات اور باوقار پارلیمانی نظام کی تمنا اور خواب رکھنے والی قوتیں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
 
انہوں نے کہا کہ انتخابات اصلاحات کی قومی جدوجہد کا حصہ بنیں، وگرنہ جمہوریت اور انتخابات بے معنی ہو جائیں گے اور ملک انارکی کی طرف دھکیل دیا جائے گا، پاکستان دشمن قوتیں یہی چاہتی ہیں اور بے فکرے سیاسی انتخابی جغادری اپنی دنیا میں مست ہیں۔ لیاقت بلوچ کہا کہ بجلی کا بدترین بحران حکومت کی نااہلی، ناکامی ہے۔ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کا بحران اور ہوشربا قیمتیں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقہ اور سفید پوش طبقہ کیلئے موت کا پروانہ اور خوشیاں چھیننے کا باعث بن گئی ہیں، سودخور، قرضوں اور کرپشن میں لتھڑی حکومت اقتصادی بحران ختم نہیں کر سکتی۔ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سیاسی محاذ پر سوچے سمجھے منصوبہ کیساتھ فساد پھیلا رہی ہے تاکہ عوام میں زہریلی پولورائیزیشن قائم رہے اور عوام اور ووٹرز اپنے اپنے دھڑوں کیساتھ جذباتی اور بے اصولی کی بنیادوں پر وابستہ رہیں۔
خبر کا کوڈ : 945130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش