0
Monday 9 Aug 2021 00:55

اسلامی نظام کے قیام میں رکاؤٹ اشرافیہ کے نام پر قابض بدمعاشیہ ہے، مشتاق خان

اسلامی نظام کے قیام میں رکاؤٹ اشرافیہ کے نام پر قابض بدمعاشیہ ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ انقلاب روڈ کاروان کے تین مقاصد اسلام، پاکستان اور نوجوان ہیں۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام میں رکاؤٹ اشرافیہ کے نام پر قابض بدمعاشیہ ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا لیکن 73 سال سے یہاں اسلامی نظام کے قیام کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، اشرافیہ اسلامی نظام سے خوفزدہ ہے، سترہ سال سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ایک ریٹائرڈ جرنیل ہیں جن کی اولمپکس میں کارکردگی صفر ہے۔ وزیراعظم خود کو نوجوانوں کا لیڈر کہتے ہیں، ملک کی ستر فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود اولمپکس گیمز کے لئے پاکستانی دستے میں صرف دس نوجوان شامل تھے۔ یہ نوجوانوں کا بدترین استحصال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معیار خوڑ ثمرباغ میں جماعت اسلامی یوتھ کے انقلاب روڈ کاروان کے تیسرے دن یوتھ کنونشن اور روڈ کاروان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، صوبائی صدر صدیق الرحمٰن پراچہ، دیر پائین کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری، جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر یوسف علی مشوانی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

تیسرے دن روڈ کاروان کا آغاز جامعہ احیاء العلوم بلامبٹ سے ہوا، حیا سیری، ثمر باغ، باجوڑ، پُل سوکئ اور بٹخیلہ میں روڈ کاروان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مشتاق خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کو تبدیلی اور عوام کو ریاست مدینہ کا لولی پاپ دے کر موجودہ حکومت نے قوم کو بدترین مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری کے تحفے دیئے۔ سابقہ حکومتوں کو چور کہنے والوں نے انہی چوروں، ڈاکوؤں اور قومی لٹیروں کو اپنی کابینہ میں شامل کر کے پھر سے قوم کی گردنوں پر سوار کردیا ہے۔ اس ظالمانہ طرز حکومت کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا نے کاروانِ انقلاب روڈ کاروان چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔ نوجوان جے آئی یوتھ کے ساتھ شامل ہوکر اپنے حقوق اور پاکستان کو قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کریں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ملک وسائل سے مالا مال ہے لیکن حکمرانوں نے اسے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ ملک پر بیرونی قرضوں کا انبار لگا دیا گیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر قوانین بنائے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 947458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش