0
Saturday 27 Aug 2011 01:51

اسرائیل کی نابودی کا وقت دور نہیں، عنقریب قبلہ اول بیت المقدس پر پرچم حق لہرائے گا، تحریک آزادی قدس ریلی سے مقررین کا خطاب

اسرائیل کی نابودی کا وقت دور نہیں، عنقریب قبلہ اول بیت المقدس پر پرچم حق لہرائے گا، تحریک آزادی قدس ریلی سے مقررین کا خطاب
کراچی:اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش تا تبت سینٹر نکالی جانیوالی ’’مرکزی آزادی القدس ریلی‘‘ سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید رحمان شاہ، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا ناظر تقوی، معروف عالم دین مولانا باقر زیدی، مجلس وحدت المسلمین اور شیعہ ایکشن کمیٹی کے مولانا مرزا یوسف حسین، تحریک اہلحدیث کے علامہ عبداللہ عازی، مولانا احمد اقبال اور مولانا مرتضی زیدی نے خطاب کیا جبکہ طلبہ تنظیموں کے نمائندگان بھی جلسے میں شریک تھے۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین، بزرگوں اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور امام خمینی رہ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قبلہ اوّل کی آزادی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی تک صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔
آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر سید رحمان شاہ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ جب یہ دنیا اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک ہو گی، اللہ کا وعدہ ہے ’’بیشک اللہ کا گروہ ہی غالب آنے والا ہے‘‘، ہم نے قرآن کی اس آیت کا مصداق لبنان میں حزب اللہ اور فلسطین میں حماس کی کامیابی کی صورت میں دیکھ لیا ہے، امام خمینی رہ کی بدولت عالم اسلام آج اپنے اہم ترین مسئلے یعنی بیت المقدس کی آزادی کی طرف پلٹ چکا ہے، اور انشاء اللہ امت مسلمہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی بابصیرت قیادت میں بیت المقدس کو صیہونی قبضے سے نجات دلائے گی، انہوں نے گذشتہ برس یوم القدس کی ریلی میں کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے شہداء قدس کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کی اس بھیانک واردات میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے لایا جائے۔
معروف عالم دین مولانا مرتضی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل مسجد اقصیٰ کو منہدم کرکے وہاں پر ہیکل سلیمانی بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ قابل مذمت امر یہ ہے کہ ان تمام امور میں بے غیرت عرب و دیگر مسلم حکمران اپنی امریکی غلامی اور اسرائیل دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے شامل رہے۔ مگر خطہ عرب میں عوام میں اسلامی بیداری نے ان عرب حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دیں ہیں، اور اب وہ وقت دور نہیں کہ خدا کے احکام کا مذاق اڑانے والے یہ عرب حکمران اپنے انجام تک پہچیں گے، اور کچھ کا انجام ہم دیکھ چکے ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء مولانا مرزا یوسف حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کا منصوبہ فی الفور ترک کیا جائے۔ بدنام زمانہ امریکی سفیر کیمرون منٹر کی حرکات مشکوک ہیں۔ کراچی میں دہشت گردی کی لہر بھی انہی سامراجی قوتوں کا تحفہ ہے جو پاکستان کو دس سالہ دہشت کردگی کے خلاف جنگ میں امریکی اتحادی ہونے پر دیا جا رہا ہے، انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سے دوستی کرکے کوئی ملک بچ نہ سکا ہے، لہذا وطن عزیز کو امریکی غلامی سے آزاد کرایا جائے اور ایک آزاد خودمتخار ریاست ہونے کا ثبوت دیا جائے۔
مولانا احمد اقبال نے کہا کہ آخر کیوں اسرائیلی درندگی اقوام متحدہ اور نام نہاد انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کو نظر نہیں آتی، حال ہی میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر خاموشی بھی انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں کی اسرائیل دوست ہونے کی دلیل ہے، آئے دن نہ جانے کتنے بچے یتیم اور نہ جانے کتنے والدین بے اولاد ہو جاتے ہیں۔ امام خمینی رہ کی بابصیرت قیادت نے اس اہم مسئلے کو اتنی اہمیت دی کہ آج دنیا بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے اور حزب اللہ اور حماس کی حمایت کی جا رہی ہے۔
معروف عالم دین مولانا باقر زیدی نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اسرائیل فلسطین میں کس طرح ظلم و بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان کے عوام نے ہمیشہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی مخالفت اور فلسطینیوں کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور ہر فورم میں ان کے حق میں آواز بلند کی ہے، انہوں نے مشرق وسطیٰ بالخصوص اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس سے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ بحرین اور خطے کے دیگر ممالک میں آنے والے انقلاب کے حل کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرے۔
تحریک اہلحدیث پاکستان کے رہنماء علامہ عبداللہ عازی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا عظیم ترین مسئلہ ہے، مسئلہ فلسطین کو آج کے معاشرے میں زندہ رکھنا بھی بہت بڑا جہاد ہے، آج مسئلہ فلسطین عالمی سیاست کا مرکز و محور بنا ہوا ہے، اس وقت عالمی سیاست غیر معمولی طور پر متحرک اور سمٹی ہوئی ہے اور اس عالمی سیاست اور مجوزہ عالمی کشمکش کا محور اسلام ہے، لیکن امت مسلمہ اپنے اتحاد سے عالمی استعمار کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔ ریلی کے اختتام پر قراردادیں کی گئیں جبکہ شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔

قراردادیں

1۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی یوم القدس کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے۔
2۔ یہ اجتماع رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کو اپنا رہبر حقیقی سمجھتا ہے اور ان کے فرمان پر لبیک کہنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
3۔ آج کا یہ اجتماع بیت المقدس کو مسلمانوں کا قلب سمجھتا ہے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وجود کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتا۔
4۔ یہ اجتماع عرب لیگ اور دوسرے اسلامی ممالک سے اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ امریکی غلامی کو ترک کر کے اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں واضح مؤقف اختیار کریں۔
5۔ یہ عظیم الشان اجتماع مشرق وسطیٰ اور وسطی افریقی ممالک اور خصوصاً بحرین میں اسلامی بیداری اور آزادی کی لہر کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
6۔ یہ اجتماع وطن عزیز میں امریکی مداخلت کے بعد بڑھتی ہوئی فرقہ واریت، خودکش حملوں اور دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
7۔ یہ اجتماع پاکستان میں بلیک واٹر جیسی بدنام زمانہ تنظیم کی موجودگی اور امریکی سفیر کمیرون منٹر کی بڑھتی ہوئی خفیہ سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تصور کرتا ہے۔
8۔ آج کا یہ اجتماع گذشتہ برس یوم القدس پر شہید ہونے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 94792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش