0
Monday 16 Aug 2021 14:13

طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے دوست ممالک سے مشاورت کریں گے، گورنر پنجاب

طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے دوست ممالک سے مشاورت کریں گے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کے حوالے سے فیصلہ دوست ممالک کی مشاورت سے کرنا چاہئیے، خواہش ہے کہ طالبان انسانی حقوق کا احترام کریں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن لڑنا چاہتا ہوں، لیکن قبل ازوقت گورنر کا منصب نہیں چھوڑ رہا۔ لاہور میں دعوت اسلامی کے زیراہتمام شجرکاری مہم کے موقع پر گورنر پنجاب نے گورنر ہاوس میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

دعوت اسلامی نے گورنر ہاوس میں مہم کے تحت ایک ہزار پودے لگائے۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب نے عہدے سے استعفے دینے کے حوالے سے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن ہے، آئندہ الیکشن میں عملی سیاست کرنا چاہتا ہوں لیکن حتمی فیصلہ قیادت کا ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ گورنر کے آئینی تقاضوں کے حوالے سے لاہور اور پشاور ہائیکورٹ اس حوالے فیصلے دے چکی ہیں کہ گورنر کا عہدہ سروس آف پاکستان میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے مستعفی نہیں ہو رہا۔ گورنر پنجاب نے اپوزیشن کو آئندہ انتخابات تک صبر کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن مل بیٹھ کر مذاکرات کرے، بے شک دوسرے یا تیسرے درجے کی قیادت ہی آپس میں بیٹھے۔

گورنر سے جب سوال کیا گیا کہ آپ انتخابی سیاست کے ذریعے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں یا وزیراعلی تو ان کا مسکراتے ہوئے کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ آپ مجھے موجودہ عہدے سے بھی برطرف کروانا چاہتے ہیں۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ طالبان انسانی حقوق کا احترام کریں، لیکن ہم کون ہوتے ہیں کہ افغانستان کیلئے کسی ماڈل کا انتخاب کریں یہ افغانستان کے عوام کا کام ہے۔ افغان عوام اپنے لئے جو سسٹم بہتر سمجھتے ہیں وہی اختیار کریں، ہم چاہتے ہیں تمام ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات ہوں۔
خبر کا کوڈ : 948850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش