0
Wednesday 25 Aug 2021 18:27

افسوس ہماری عبادت کو بھی ہمارا جرم بنا دیا گیا ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

مجلس عزاء میں تاخیر پر مقدمہ درج ہونا انتظامیہ کے تعصب کا ثبوت ہے، خطاب
افسوس ہماری عبادت کو بھی ہمارا جرم بنا دیا گیا ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کمالیہ میں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر درج کیے جانیوالے مقدمے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین عبادت کی انجام دہی میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہمارا جرم بن گیا اور کمالیہ میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے پولیس نے ہماری عبادت یعنی عزاداری کو جرم بنا کر اس کی پاداش میں بانی مجلس پر مقدمہ درج کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صوبائی شوریٰ کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی شوریٰ کے اراکین میں ڈاکٹر افتخار نقوی، رائے ناصر علی، سید حسین زیدی، سید انوار زیدی، علامہ غلام عباس جعفری، سید حسن کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی و دیگر عہدیداران شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں موجود متعصب اہلکار اور آفیسران کی موجودگی امن و امان کیلئے شدید خطرہ ہیں، کمالیہ میں درج ہونیوالی ایف آئی آر تعصب پر مبنی ہے، اس بات کا واضح اندازہ یکم محرم الحرام یعنی 10 اگست کو ہونیوالی مجلس عزاء پر 23 اگست کو جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری عبادت ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان اور پاکستانی آئین و قانون کی روشنی میں ہر شہری کو مذہبی عبادات کی انجام دہی کا پورا حق حاصل ہے، جبکہ پولیس کے رویئے سے صاف واضح ہے کہ وہ نہ صرف قائداعظم کے فرمان کو جھٹلانے کی سازش کر رہے ہیں بلکہ مادر وطن پاکستان کا آئین و قانون بھی پیروں تلے روندنا ان سے بعید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر سخت ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں خلفشار پیدا کرنیوالے ان دشمنوں کے آلہ کاروں کے عزائم فاش کریں۔

ایک طرف ملک دشمن دہشتگرد عناصر ظلم اور دہشتگردی کے ذریعے عزاداری نواسہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قدغن لگا رہے ہیں، تو دوسری جانب پولیس میں موجود کالی بھیڑیں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر طرح طرح کی قدغن لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اس سازش کو سمجھے اور دشمنوں کے امن مخالف عزائم کو حُب الوطنی و دانائی کے ساتھ خاک میں ملا دے، اس تعصب اور نا اہلی کا فوری نوٹس لیا جائے۔ علامہ عبد الخالق اسدی نے مزید کہا کہ عزاداری امام حسین (ع) پر قدغن لگانے اور مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کرنیوالے اِس مٹی کے غداروں سے عدالت میں حساب لیا جائے گا، ہر قسم کی پُرامن و قانونی چارہ جوئی کیلئے ہمہ وقت آمادہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 950364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش