0
Monday 6 Sep 2021 00:26
 عمران خان اپنے ساتھ تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت لے کر آیا ہے

آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی اور آئندہ وزیراعظم ایک جیالا ہوگا، بلاول بھٹو 

آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی اور آئندہ وزیراعظم ایک جیالا ہوگا، بلاول بھٹو 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کی شام ڈیرہ غازی خان میں پارٹی کے ورکرز کنونشن جو کہ ایک بہت بڑے عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی اور آئندہ وزیراعظم ایک جیالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے عوام اور پاکستان پیپلزپارٹی کا رشتہ تین نسلوں کا رشتہ ہے اور میں یہ رشتہ بحال کرنے کے لئے آیا ہوں تاکہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہو سکے۔ اس خطے کے عوام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی تھی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے عوام تکلیف میں ہیں، اس ملک کے مزدور، کسان، بزنس مین، تاجر، طلبا سب اس سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ عمران خان اپنے ساتھ تاریخی مہنگائی، بیروزر اور غربت لے کر آیا ہے۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ قائد عوام نے کسانوں اور مزدورں کی زندگی آسان بنائی تھی اور انہیں خوشحال کر دیا تھا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو روزگار لائی تھیں۔ صدر زرداری نے ملک کی ہر غریب خاتون کو معاشی آزادی دی تھی اور بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام متعارف کروایا تھا۔ صدر زرداری کی حکومت نے پاکستان کا کسان خوشحال تھا کیونکہ پاکستان گندم برآمد کر رہا تھا اور سی پیک شروع ہوگیا تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے بعد عوام کو لاورث چھوڑ دیا گیا اور انہیں نظرانداز کر دیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کو بچانے آئے ہیں اور عمران خان کو عوام کی زندگی مشکل بنانے پر کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ہم عمران خان کو اس کے تمام جرائم پر قابل احتساب کریں گے۔ شہید بینظیر بھٹو نے اپنے دوسرے دورِ حکومت میں 20ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں دی تھیں لیکن نوازشریف نے حکومت میں آکر انہیں برطرف کر دیا تھا۔ جس کے بعد صدر زرداری کے دور میں ہمارے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کے ذریعے ان 20 ہزار افراد کو پارلیمنٹ کے ذریعے نوکریوں پر بحال کر دیا تھا۔ اب اس ظالم عمران خان کی حکومت نے ایک مرتبہ پر ان 20ہزار ملازمین کو بیروزگار کر دیا ہے۔ عمران خان ایک کروڑ نوکریوں اور 20لاکھ گھروں کے وعدے پر اقتدار میں آیا تھا لیکن اب وہ عوام سے روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان سب کچھ چھین رہا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ایم ایل ہمیشہ امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہے جس کا پاکستانی معیشت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، جبکہ پیپلزپارٹی کے دور میں غریب عوام کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے جس سے ملک کی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے آخری دور حکومت میں تنخواہوں میں 175 فیصد تک اضافہ کیا تھا۔ اب ہم شہید ذوالفقار علی اور شہید بینظیر بھٹو کا منشور لے کر گھر گھر جائیں گے۔ ہم پنجاب کے ہر ضلعے میں جائیں گے اور ہم کہتے ہیں جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ہے اس کی اس وقت اس ملک کو اور اس پارٹی کو ضرورت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا کہ وہ اس خطے کے عوام کو سرائیکی وسیب دیں گے اور پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو سرائیکی وسیب کا قیام عمل میں لا سکتی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 952342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش