0
Friday 10 Sep 2021 20:47

چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ فواد چوہدری نے بابر اعوان اور اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عجیب منطق ہے کہ پارلیمنٹ ان کی رہنمائی نہیں کر سکتی کہ الیکشن کیسے کرانا ہے، درحقیقت سارا الیکشن کمیشن نہیں صرف چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے، الیکشن کمیشن اس وقت اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹرز بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے سیاست کرنی ہے تو استعفے دے کر الیکشن لڑلیں، ہمیں چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، وہ اپنے رویے پر نظرثانی کریں، چھوٹی چھوٹی جماعتوں کے آلہ کار نہ بنیں بلکہ ادارے کا سربراہ بنیں، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر سیاست کی اور احمقانہ اعتراضات لگائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے، انتخابی اصلاحات کا مسودہ پارلیمان میں لے کر گئے، اپوزیشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفاف الیکشن کرانے کا بہترین طریقہ ہے، اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے  توکہتی ہے دھاندلی ہوئی، ن لیگ کے رہنما الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشیر پارلیمانی امور بابراعوان نے کہا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ کا حق دینے کے بلز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کریں گے، 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلا رہے ہیں، اگلے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، جس میں الیکشن بل ریفر کر دیں گے، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان نے واک آؤٹ کیا، گزشتہ سال اکتوبر میں الیکشن بل پیش کیے تھے، الیکشن کمیشن ارکان کے سامنے سوال رکھنے تھے وہ اٹھ کر چلے گئے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے ذریعے صاف شفاف الیکشن نہیں چاہتا، کمیشن مکمل طور پر اپوزیشن کے ساتھ ملا ہوا ہے، اور ایک فریق کے طور پر ہمارے سامنے آچکا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر شبلی فراز نے بھی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اور الیکشن کمیشن چاہے جو کہیں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہونگے، کمیٹی سے مسترد بل پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے پاس کرائینگے، الیکشن کمیشن نے اپنے کردار کو مشکوک کیا ہے، ای وی ایم سے متعلق تکنیکی افراد کو چیلنج کرتے ہیں جو اسے ہیک کر سکے اسے دس لاکھ روپے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 953162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش