0
Monday 20 Sep 2021 23:35

 روزانہ کی بنیاد پر دو تین وزیر سرعام الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں، سراج الحق 

 روزانہ کی بنیاد پر دو تین وزیر سرعام الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی رویے نے سیاسی تصادم کو نکتہ عروج پر پہنچا دیا۔ نااہل حکمرانوں نے تین برسوں میں تمام توانائی مختلف پنڈورا باکسز کھولنے میں صرف کردی۔ دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکمرانوں کا ساتھ دیا۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی کا تصادم صرف دکھاوے کی سیاست ہے، حقیقت میں مفادات کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ قوم تینوں جماعتوں سے بیزار ہوچکی ہے۔ پھر کہتا ہوں انتخابی اصلاحات کے بغیر کوئی چارہ نہیں، مگر اصلاحات کے نام پر پوائنٹ سکورنگ ملک کے لیے مزید تباہ کن ہوگی۔ حکومت الیکشن کمیشن اور میڈیا پر چڑھائی نہ کرے۔ سیاست دان سنجیدگی اور دانش مندی کا مظاہرہ کریں۔ ثابت ہوگیا حکمرانی کا مزہ لینے والے وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو غریب کی کوئی فکر نہیں، حکمران اپنے طرز حکمرانی سے ہر روز یہ ثابت کرتے ہیں۔ عوام کو کہتا ہوں کہ وہ فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو مسترد کرے اور دین کی سربلندی کے لیے کام کرنے والوں کا دست و بازو بنے۔ جماعت اسلامی اہلیت سے بھرپور افراد پر مشتمل جماعت ہے۔ اللہ تعالی نے موقع دیا اور قوم نے ساتھ دیا تو ملک کے مسائل حل کرکے اسے حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر میں مختلف وفود اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر دو تین وزیر سرعام الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایک آئینی ادارے پر اس طرح کا چڑھا حکومت کو زیب دیتا ہے۔ ایسے رویے کسی بھی جمہوری ریاست میں نہیں اپنائے جاتے۔ حکمرانوں کے طرزِ عمل کی وجہ سے پہلے ہی اداروں اور معیشت کا ستیاناس ہوچکا ہے۔ اب یہ لوگ ملک اور عوام پر رحم کریں۔ پی ٹی آئی نے میڈیا کے خلاف بھی ایک محاذ کھول لیا ہے۔ حکمران جماعت نجانے کس حد تک جانے کا ارادہ رکھتی ہے، مگر ایک بات واضح ہوچکی ہے کہ قوم ان سے تنگ ہے اور جس قدر جلدی ہو ان سے چھٹکارا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی ہی نہیں حکومت کا مزہ لینے والی باقی دو پارٹیوں کو بھی عوام سے کوئی غرض نہیں۔ ان دو جماعتوں نے جس طرح کا ملک چھوڑا تھا موجودہ حکمران جماعت اسی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی اکثریت مہنگائی اور بے روزگاری کے سیلاب کے تھپیڑوں کی زد میں ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 954880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش