0
Monday 27 Sep 2021 19:46

ساری قوم ہماری سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ثمینہ ممتاز

ساری قوم ہماری سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ثمینہ ممتاز
اسلام ٹائمز۔ کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ہرنائی اور مچھ میں دہشت گردوں کے حملے میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور گوادر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے پر دستی بم حملے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اس طرح کے بزدلانہ عمل سے پاکستانی قوم اور ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردوں کی جانب سے اہلکاروں پر حملوں کا مقصد بلوچستان کے امن اور ترقی کے عمل کو روکنا ہے۔

اس طرح کے بزدلانہ حملے ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کی کارروائی ہے، جو نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن قائم ہو اور بلوچستان ترقی کرے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک کے نگہبانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ساری قوم ہماری سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔ انہوں نے گوادرمیں بابائے قوم محمد علی جناح کے مجسمے کو بم سے تباہ کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ہر پاکستانی کے لئے سب سے زیادہ قابل احترام ہیں اور ان کے مجسمے پر بم حملہ دہشت گرد عناصر کی ذہنی پستی اور بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے آلہ کار مفاد پرست عناصر چند ٹکوں کی خاطر بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں، جن کو جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔ اس طرح کے واقعات پاکستانی قوم کا عزم نہیں ڈگمگا سکتے۔ انہوں نے بم حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم دہشت گردوں کو باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 956030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش