0
Wednesday 31 Aug 2011 09:31

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں آج عیدالفطر پورے مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، تما م چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ لاکھوں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ ایران، بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں جبکہ لاہور میں بادشاہی مسجد میں ہوا۔ نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ملک بھر کی فوجی چھاؤنیوں میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں گزشتہ برس کے سیلاب اور سندھ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے اور آگے بڑھ کر ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے ان بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے ان کے خاندانوں کے ساتھ بھی ہمیں ہمدردی کا اظہار کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دہشتگرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ہمارا مذہب امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کراچی کے عوام سے اپیل کرتا ہوں وہ صوبائی حکومت کی جانب سے شہر میں امن کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششوں میں تعاون کریں کیونکہ عوامی تعاون سے ہی صورتحال کو معمول پر لانے کے علاوہ امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت ہوا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ چاند کی شہادت ملنے کے بعد مفتی منیب الرحمن نے عید سعید کا اعلان کیا۔ اگرچہ پشاور کی ایک مقامی مسجد نے ایک روز پہلے عید کا اعلان کر کے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن ملک کے اکثر علاقوں میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر ہی عید منائی جا رہی ہے۔ ملک کو اس وقت جس اتحاد کی ضرورت ہے، اس میں ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا نہ صرف اہم ہے بلکہ ہمارا دین بھی یہی درس دیتا ہے کہ جب ہمارا رب ایک ہے، رسول ایک ہے، قرآن ایک ہے تو پھر رمضان بھی ایک ساتھ ہی شروع کیا جائے اور پوری قوم ایک ہی دن عید منائے۔ 
کراچی میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات میمن مسجد، نشتر پارک، عیدگاہ میدان، نیشنل اسٹیڈیم سمیت کئی مقامات پر منعقد کئے جا رہے ہیں۔ جہاں پر عیدالفطر کی نماز ادا کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی جانب سے عید کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد بازاروں میں گہما گہمی بڑھ گئی، دکانوں پر رش میں اضافہ ہو گیا، ملک کے تمام بڑوں شہروں میں بازار صبح تک کھلے رہے، جہاں خریداروں کا بے پناہ رش رہا۔ 

خبر کا کوڈ : 95687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش