0
Saturday 16 Oct 2021 18:22

امت مسلمہ میں اتحاد ناگزیر ہے، سید حمید اللہ حقانی

امت مسلمہ میں اتحاد ناگزیر ہے، سید حمید اللہ حقانی
اسلام ٹائمز۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کی آن لائن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جملہ عہدیداروں اور ارکان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حقانی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ سید حمید اللہ حقانی نے کہا کہ آمدِ میلادِ مصطفے (ص) ہے میلاد کے فیوض و برکات سے یہ ساری کائنات منور ہو۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق کی نعمت سے مالا مال کرنے کے ضمن میں ہادیِ برحق (ص) نے حجرہ اسود خانہ کعبہ میں نصب کرنے اور صلح حدیبیہ کے وقت جو حکمت عملی اختیار فرمائی وہ تا قیامت امتِ مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور فرمانِ حضورِ اکرم (ص) کے پیش نظر ہم سب پر اتحاد و اتفاق کو ذاتی اور اجتماعی زندگی میں اپنانا لازم بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے کشمیر میں علمی اختلاف کو لے کر انتشاری کیفیت ابھر رہی ہے جس میں ہر خاص و عام مبتلا ہورہے ہیں۔

حقانی میموریل ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء ورثۃ الانبیاء ہیں، مسلمانوں کی امامت و قیادت کا عظیم فریضہ ان ہی کے سپرد ہے اس تناظر میں علماء کرام اور خطباء حضرات سے دردمندانہ گزارش ہے کہ وہ صبر و تحمل اور دور اندیشی کو سپر بنا کر آپسی اختلاف کو انتشار میں تبدیل ہونے نہ دیں اور ان ایام متبرکہ میں اتحاد و اتفاق کی مضبوط رسی کو مضبوط تر بنانے میں جدوجہد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے اہل سنت علماء اور خصوصا ٹرسٹ کے جملہ ارکان و عہدہداران سے گزارش کی کہ وہ ہر اس قول و عمل سے دور رہیں جس کا مقصد شعوری یا غیر شعوری طور اختلافات کو ہوا دینا ہو اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لئے اپنے آپ کو وقف کریں۔
خبر کا کوڈ : 959009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش