0
Sunday 17 Oct 2021 21:10
عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی، بلاول بھٹو

پی ڈی ایم کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

حکومت IMF کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمان
پی ڈی ایم کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ملک میں آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، غریب خودکشی پر مجبور ہو گیا ہے، اس صورت حال میں پی ڈی ایم ایک مؤثر اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے مہنگائی کے خلاف تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور تحریک شروع کی جائے گی اور ہم فوری طور پر اگلے دو ہفتوں کیلئے مظاہروں کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کی تقریبات کے بعد ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں مظاہرے ہوں گے، لہٰذا قوم سے اپیل ہے کہ ان مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔ سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم عوام کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہونے کیلئے تیار ہے، مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے عام آدمی کو نکلنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھاکہ کل پی ڈی ایم کاسربراہ اجلاس ہے جس میں اہم فیصلے ہوں گے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 3 سال پہلے قرضوں کا حجم 25 ہزار ارب تھا اب 45 ہزار ارب پرپہنچ گیا، تین سال پہلے جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد تھی اب منفی میں ہے، حکومت آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے لیکن ہم نے عوام کے مفادات میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ چار ماہ میں حکومت 8 بار پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی، یہ ایک کرپٹ ترین حکومت ہے، یہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی، یہ حکومت عوام کی نہیں، آئی ایم ایف کی لگتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا۔ 

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کے دوران مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹ نکلا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پوچھ رہے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں؟ یہ تبدیلی نہیں بلکہ تباہی ہے۔ عمران خان جیسا چور اور کٹھ پتلی وزیر اعظم ملک کی تاریخ میں نہیں گزرا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ڈیل کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کا جینا اور مرنا بھی مہنگا ہو چکا ہے۔ ملک میں تاریخی بے روزگاری ،غربت اور مہنگائی ہے۔ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو اپنا وعدہ پورا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی ضرورت ہے کیونکہ ہماری حکومت عوام دوست ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم غریب نہیں بلکہ غربت کا خاتمہ کریں گے اور پیپلز پارٹی حکومت میں آنے  کے پہلے روز ہی تنخواہوں میں اضافہ کرے گی۔ اقتدار سنبھالتے ہی نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے تک احتجاج جاری رکھیں گے جبکہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت کو ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانے دے گی، جو آئین کے خلاف ہو اس کی ہم بھرپور مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آمریت کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی کی ضرورت تھی اور آج بھی سلیکٹڈ حکومت گرانے کے لیے پیپلز پارٹی سفید پوش طبقے کی آخری امید ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کیسا دوغلہ نظام اور احتساب ہے کہ پنڈورا لیکس اور پاناما میں شامل آپ کے لوگ آزاد ہیں اور مخالفین جیلوں میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 959197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش