0
Saturday 23 Oct 2021 13:21

حافظ سعد رضوی نظربندی، وفاقی ریویو بورڈ کا اجلاس بغیر کارروائی کے ملتوی

حافظ سعد رضوی نظربندی، وفاقی ریویو بورڈ کا اجلاس بغیر کارروائی کے ملتوی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی نظرثانی بورڈ کے روبرو کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی کا معاملے پر نظرثانی بورڈ کا اجلاس بغیر کارروائی کے ملتوی ہوگیا۔ فیڈرل ریویو بورڈ کے اجلاس سے قبل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں میٹنگ ہوئی جس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق تین رکنی وفاقی نظرثانی بورڈ سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل ہے۔ آج اس کا اجلاس حافظ سعد رضوی کی نظربندی کے متعلق ہونا تھا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرنا تھی، لیکن اجلاس منعقد نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل ریویو بورڈ کے اجلاس سے قبل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں میٹنگ منعقد کی گئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی زیر صدارت ہونیوالی میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری ہوم، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال، ڈی آئی جی لیگل ڈاکٹر معین مسعود، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں حافظ سعد رضوی کی نظربندی کے قانونی پہلووں اور امن و امان کی موجودہ صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں میٹنگ کے دوران افسران کو فیڈرل ریویو بورڈ کے اجلاس کی منسوخی کی اطلاع ملی۔
خبر کا کوڈ : 960109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش