0
Saturday 23 Oct 2021 15:08

کالعدم ٹی ایل پی کا لانگ مارچ لاہور کی تمام رکاوٹیں عبور کرکے شہر سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا

کالعدم ٹی ایل پی کا لانگ مارچ لاہور کی تمام رکاوٹیں عبور کرکے شہر سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک لبیک کا لانگ مارچ لاہور کی تمام رکاوٹیں عبور کرکے شہر سے نکل گیا۔ تحریک کی مجلس شوریٰ نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم لاہور پولیس کی جانب سے کالعدم ٹی ایل پی کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین کے باہر کنیٹینر لگا کر تمام راستے بند کر دیئے تھے۔ مارچ کے شرکاء نے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور اسلام آباد کی طرف چل پڑے۔ ایم اے او کالج کے پاس پہنچنے پر پولیس اور جماعت کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ کارکنوں کی جانب سے پتھراو اور پیٹرول بموں کا استعمال کیا گیا۔
 
مشتعل ہجوم اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹے تصادم جاری رہا۔ تاہم کارکنان یہاں سے داتا دربار پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ داتا دربار کے سامنے بھی تصادم ہوتا رہا، جس کے بعد کارکنوں نے آزادی فلائی اوور پر پڑاو ڈال لیا۔ اور نماز فجر کے بعد روانگی کا اعلان کیا۔ نماز کے بعد لانگ مارچ کے شرکاء نے پیشرفت کی تو پولیس نے پھر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے۔ تاہم کارکن پولیس کیساتھ تصادم کرتے، شیلنگ کا شکار ہوتے، توڑ پھوڑ کرتے پہلے بتی چوک اور پھر راوی پل عبور کرکے شاہدرہ پہنچے جہاں سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگئے۔ اس تصادم کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 44 زخمی ہو گئے، جبکہ کالعدم ٹی ایل پی کے ذرائع کے مطابق ان کے 4 کارکن جاں بحق اور درجنوں زخمی ہیں۔ مارچ اس وقت جی ٹی روڈ پر کامونکی سے آگے پہنچ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 960132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش