0
Tuesday 26 Oct 2021 12:54

الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی نے 15 دن کی مہلت لےلی

الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی نے 15 دن کی مہلت لےلی
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ممبران شاہ محمد جتوئی اور نثار درانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر اعظم سواتی کے الزامات کے معاملے پر سماعت کی۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی ذاتی طور پر پیش ہوئے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ بیرسٹر علی ظفر اسلام آباد میں موجود نہیں، وہ اعظم سواتی کی جانب سے جواب داخل کریں گے، شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے ایک مہینے کا وقت دیا جائے، الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ ایک مہینہ بہت زیادہ ہے، 15 دن کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیں، الیکشن کمیشن نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا کہ خوشی ہے کہ میں کسی چوری یا ڈاکے کے الزام میں پیش نہیں ہو رہا، قانون سب کے لیے برابر ہے، الیکشن کمیشن کی پاسداری کے لیے یہاں پیش ہوا ہوں، میری پیشی سے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوگا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے مہلت مانگنے کی استدعا مسترد کردی تھی اور شوکاز نوٹس جاری کرکے انہیں ذاتی طور پر خود پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 960538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش