0
Tuesday 23 Nov 2021 23:12

پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے، سینیٹر مشتاق خان

پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ میں پوری قوم کو ان کے حوالے کردیا، جون تک بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوگا، جو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا کہتے تھے انھوں نے ایک ارب ڈالر میں پاکستان کو بیچ دیا، پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے، شرم کی بات ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ سرینڈر ڈاکومنٹ پر بھی شادیانے بجارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکا خیل اور میڈیا کوآرڈی نیٹر سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے۔ مشتاق خان نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف جیسے نئے وائسرائے کو اسلام آباد میں بٹھانا چاہتی ہے، اب جون تک نئے ٹیکسز اور مہنگائی کا تازہ سونامی آئے گا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کے معاملہ پر چیف جسٹس پاکستان سوموٹو نوٹس لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو نے انصاف کے پورے نظام کو مشکوک بنادیا ہے، اگر واقعی آڈیو اصلی ہے تو ثاقب نثار قومی مجرم تصور ہوں گے، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، اس لئے سپریم کورٹ گئی، جماعت اسلامی عوامی مفادات کی خاطر سپریم کورٹ میں کھڑی ہوگی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ باجوڑ میں جے یو آئی کے کارکن قاری الیاس کو شہید کیا گیا، چند ماہ قبل ان کے بڑے بھائی کو بھی نامعلوم افراد نے قتل کیا تھا، قاری الیاس نے خطرے سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا تھا، لیکن انھیں کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی۔ سیکورٹی صرف وزیروں اور مشیروں کے لئے ہے، قاری الیاس کے خاندان کو فوجیوں کی طرز پر شہداء پیکیج دیا جائے، شہید نوجوان کیلئے سینیٹ میں آواز اٹھاؤں گا، قبائلی اضلاع کو ترقیاتی کاموں کے لئے تین سالوں میں 300 ارب کی بجائے 112 ارب روپے ریلیز ہوئے مگر خرچ محض کروڑوں میں ہیں، غیرمنتخب اداروں کے ہاتھوں رقوم خرچ نہیں ہونی چاہئیں، وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت قبائلی اضلاع کے  188 ارب روپے کی مقروض ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کیا وزیر اعلیٰ کے جلسے نظر نہیں آرہے؟

مشتاق خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر، پٹواریوں اور پولیس کی مدد کے باوجود حکومت جلسوں کے نام پر ناکام شو کر رہی ہے، الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ کے جلسوں کا نوٹس لے اور انھیں سزا دے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، 2382 ویلج کونسلز پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو لائینگے، 125 مختلف کیٹیگریز میں ہمارے کونسلرز کامیاب ہو چکے ہیں، کونسلرز کی کامیابی ہواؤں کی تبدیلی کا اشارہ ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن ختم نہیں کرنا چاہتی، چینی، گیس، ایل این جی مافیا کو کنٹرول کرنے کی بجائے غریب عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے پاک، صاف و شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لئے قیادت ملے گی۔ حکومت سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لے، ٹارگٹ کلرز دھڑلے سے آکر لوگوں کو قتل کردیتے ہیں اور بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ٹارگٹ کلرز کو روکنا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 965118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش