0
Friday 10 Dec 2021 09:02

بلوچستان سے متعلق حکمران و اسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لیں، جماعت اسلامی

بلوچستان سے متعلق حکمران و اسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح وادی مہران سندھ میں بھی 12 دسمبر کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم یکجہتی بلوچستان بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اتوار کو ’’حق دو گوادر کو تحریک‘‘ کی حمایت سمیت بلوچستان کے عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں، مظاہرے اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے، جن سے مرکزی، صوبائی اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ اپنے بنیادی حقوق کیلئے پُرامن جدوجہد کرنا ہر شہری کا آئینی و قانونی حق ہے، سونے، کوئلے اور سمندر سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود حکمرانوں کی ناانصافی اور جاگیردارانہ نظام کی وجہ بلوچستان کے عوام پانی صحت تعلیم سمیت اپنے بنیادی حقوق سے محروم اور غربت و افلاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گوادر کو پیرس بنانے کے دعوؤں کے برعکس گوادر کے عوام آج پانی، بجلی اور تعلیم سمیت اپنے بنیادی حقوق کیلئے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے بلوچستان پیکیج سمیت کئی اعلانات اور وعدوں کے باوجود کسی وعدے پر عمل نہیں کیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اقتدار کسی اور جبکہ اختیار کسی اور کے پاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے تحت عوام گذشتہ 25 دنوں سے پُرامن طریقے سے اپنے حقوق کیلئے میدان عمل میں ہیں، اس تحریک میں تمام سیایسی جماعتیں، مرد و خواتین، بچے و بوڑھے سب شامل ہیں، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، یہ ان کی بے حسی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام محب وطن ہیں، ان کو اپنے جائز و آئینی حقوق سے محروم کرکے باغی نہ بنایا جایا۔ انہوں نے کہاکہ گوادر سمیت بلوچستان کی آواز سننے اور بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے علاوہ اب حکمرانوں کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، حکمران و اسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لیں، آمرانہ رویہ اختیار کرنے کی بجائے، ’’حق دو گوادر کو تحریک‘‘ کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور اور عوام کو حق دیکر مسائل کو الجھانے کی بجائے سلجھایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 967764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش