0
Sunday 12 Dec 2021 20:32

ملک آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا گیا، لیاقت بلوچ

ملک آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا گیا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قانون و انصاف پر عملی طور عوام کا عدم اعتماد ہے، بار اور بنچ کا تعلق کمزور ہوگیا ہے، جس کی وجہ عوام رل گئے اور انصاف ناپید ہوگیا ہے، پاکستان کا سیکولر طبقہ اسلام اور اسلامی تہذیب کا راستہ روک رہا ہے، جماعت اسلامی عوام کو لاوارث و تنہا نہیں چھوڑے گی، ظلم و ناانصافی اور حق کے غلبے کیلئے ملک گیر سطح پر عوامی احتجاج کو منظم کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع سلطان احمد لاشاری، جے آئی یوتھ سندھ کے صدر محمد حسن کھوسہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ملک آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا گیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیالکوٹ سانحہ قابل مذمت ہے، اس واقعے نے پوری دنیا میں ملک کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا تکبر، غرور اور ہٹ دھرمی اب پورے ملک کیلئے وبال جان بن گیا ہے، گوادر میں ’’حق دو گوادر تحریک‘‘ مولانا ہدایت الرحمان کی زیر قیادت 27 دن سے اپنے حقوق کیلئے دھرنا دیا جا رہا ہے، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان میں سیاسی و عوامی جدوجہد نے بلوچستان میں ایک نئی تاریخ کا اضافہ کیا ہے، اس لیے حکمران و اسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لیں، سیکورٹی کے نام پر عوام کی تذلیل بند کی جائے، سی پیک پر پہلا حق گوادر کا تسلیم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 968174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش