0
Thursday 23 Dec 2021 22:51

آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوام پر منی بجٹ کے ذریعے مہنگائی بم نہ گرایا جائے، ثروت اعجاز قادری

آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوام پر منی بجٹ کے ذریعے مہنگائی بم نہ گرایا جائے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوام پر منی بجٹ کے ذریعے مہنگائی کا بم نہ گرایا جائے، معاشی حدف پورا کرنے میں حکمران ناکام ہیں، آرڈیننس کے ذریعے منی بجٹ یا مہنگائی کا بوجھ عوام پر مسلط کیا جا رہا ہے، حکومت نے برآمدات بڑھانے کی بجائے عوام کو بیروزگاری اور مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری و مہنگائی تاریخ کی انتہا کو پہنچ گئی اور غربت نے قدم جمالئے ہیں، ملک کے ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے رہنے کی اصل وجہ بھی ناقص اور منفی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ صلاحیتیں ہیں، نئی نسل کو آگے بڑھنے کا حکومتی سطح پر موقع نہیں ملے گا تو وہ بیرون ملک جائینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امپورٹ ایکسپورٹ کیلئے صنعتکاروں اور تاجروں، تعلیم یافتہ نئی نسل جو آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں کام کرنا چاہتی ہے، انہیں موقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی کمی ہونا اشارہ ہے کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو رہا ہے، ہنگامی بنیادوں پر معاشی پالیسیوں کو مثبت اور کار آمد نہیں بنایا گیا تو ملک دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی و بے روزگاری سے پریشان خودکشی کر رہے ہیں اور اس میں اضافہ حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو مستحکم بنانے اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات کیلئے حکومت تمام سیاسی و مذہبی اور صنعتکاروں و تاجروں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائے، ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالنا ہمارا قومی و ملی فرض ہے۔
خبر کا کوڈ : 969978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش