0
Sunday 2 Jan 2022 14:15

امن کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا، چودھری سرور

امن کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا، چودھری سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن ڈینیئل ہنان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈنینئل ہنان نے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان امن میں پاکستانی کردار کو سراہا۔ لارڈ ڈنینئل ہنان نے دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا شکریہ ادا کیا، جبکہ چودھری محمد سرور نے افغانستان کو معاشی بدحالی سے بچانے کیلئے برطانیہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ لارڈ ڈینیئل نے کہا کہ برطانیہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کیساتھ ہے۔
 
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا افغان امن میں کردار دنیا کیلئے مثال ہے، افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے بھی پوری دنیا کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے وہاں غربت اور بیروزگاری کو کنٹرول کرنا ضروری ہے، اگر دنیا افغانستان کیساتھ کھڑی نہ ہوئی تو امن ایک خواب بن کر رہ جائیگا۔
 
گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں ترقی کیلئے سب سے زیادہ ضروری امن ہے، جس کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے اور امن کیلئے پاکستان نے جو قربانیاں دی ہیں، اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی، پاکستان نے 10 بلین ٹری منصوبے کے ذریعے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی، کوئی شک نہیں کہ ماحولیاتی چیلنجز کو سنجیدگی سے نہ لیا تو مستقبل میں حالات مختلف ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 971621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش