0
Saturday 15 Jan 2022 23:09

بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد پی ٹی آئی انتظامی افسران کا تبادلہ کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمان

بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد پی ٹی آئی انتظامی افسران کا تبادلہ کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد پی ٹی آئی انتظامی افسران کا تبادلہ کر رہی ہے۔ مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے مرحلے میں ناکامی سے بہت زیادہ خوف کا شکار ہوگئی ہے، اسی وجہ سے خیبر پختونخوا میں تعینات انتظامی افسران اور بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سرکاری افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نالائقی، نااہلی اور ملک کا حال دیکھنے کے بعد مجھے امید ہے کہ بیورو کریسی حکومت کو سپورٹ کرنے کی حماقت نہیں کرے گی۔ مولانا نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے ذمہ داران نے رابطہ کرکے کہا کہ آپ کی تمام باتیں قابلِ تسلیم ہیں، مگر ہمیں ملک چلانے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 2018ء میں الیکشن کے بعد جو مؤقف اختیار کیا، وہ آج بالکل سچ ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کو تبدیل نہ کیا جاسکا، معیشیت کا پہلے بھی بیڑہ غرق کیا، جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور پھر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہماری معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مالیاتی ادارے غیروں کے سپرد کر دیئے، اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کے بعد ملکی معاشی پالیسی آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں چلی گئی تو پھر معیشیت کیسے بہتر ہوسکتی ہے، جبکہ حکمران مریضوں کی طرح ملکی معیشت میں بہتری کے اشاروں کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ پہلے ناجائز حکمران تھے، جو اب نالائق بھی ہوگئے ہیں، لوگ بھوک سے مر رہے اور خودکشیاں کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 973809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش