0
Monday 17 Jan 2022 20:18

تعلیمی اداروں کا امن تباہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، خواجہ اسلم رضا

تعلیمی اداروں کا امن تباہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، خواجہ اسلم رضا
اسلام ٹائمز۔ انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکریڑی جنرل خواجہ اسلم رضا 10روزہ تنظیمی دورے پر سندھ روانہ ہوگئے، وہ کراچی میں قیام کے دوران مختلف اہم قومی شخصیات اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں اور تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وہ سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کا تفصیلی تنظیمی دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ انجمن طلبہ اسلام کی مقامی اور اضلاع کی قیادتوں سے بھی ملاقات کریں گے، سندھ روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکریڑی جنرل خواجہ اسلم رضا نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا امن تباہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ غنڈہ گرد عناصر کو لگام ڈالے، ملک کا مستقبل تعلیم پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں فوری اضافہ کیا جائے، سالانہ بجٹ میں تعلیمی بجٹ کیلئے پانچ فیصد مختص کیا جائے، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے نوجوان نسل کو مایوس کیا ہے، عوام دشمن استحصالی اور طبقاتی نظام کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، طبقاتی نظام تعلیم نے غریب طالبعلم سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔ انہوں نے کہا طلباء کے آئینی حقوق حاصل کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے غریب اور امیر طلباء کیلئے یکساں تعلیمی سہولتوں کیساتھ پورے پاکستان میں لاگو کرنے کی ضرورت ہے، حکومت طلباء یونینز پر غیر آئینی پابندی ہٹا کر طلباء برادری کے دل جیت سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  2022 بحالی طلباء یونینز کا سال ہے، معاشرے کو امن کا گہوارہ اور پاکستان کو مستحکم بنانے کیلئے نوجوان نسل کی تربیت سب سے اہم ہے۔
خبر کا کوڈ : 974116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش