0
Friday 28 Jan 2022 23:50

دہشتگردی بڑھتی جا رہی ہے قومی سلامتی پالیسی نہ جانے کہاں ہے، جماعت اسلامی

دہشتگردی بڑھتی جا رہی ہے قومی سلامتی پالیسی نہ جانے کہاں ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشتگردی کے واقعے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں اور عوام اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے پاک سرزمین کے خلاف ہونے والے دشمن کی تمام سازشوں کو مٹی میں ملا دیں گے۔ اپنے بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ دشمن اس طرح کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے بیرونی جارحیت اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والے پاک فوج کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، لاہور انارکلی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد بلوچستان میں ایک دن میں درجن سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، وزیر داخلہ کی ذمہ داری امن و امان کی بحالی ہے، لیکن وہ مخالفین پر طنز کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ آج وزیرستان سے لیکر بلوچستان تک ایک بار پھر دہشتگردی کی آگ بھڑک اٹھی ہے، جسے بجھانے کی اشد ضرورت ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج نے گذشتہ بیس سالہ دور میں بے پناہ قربانیاں دیکر دہشتگردی کے جس جن کو بوتل میں بند کیا، موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج ایک بار پھر دہشتگردی کی لہر عروج پر ہے اور عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری کے بعد امن و امان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث عدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے تک قوم اور سیکورٹی اداروں کو متحد ہوکر دہشتگردوں کیخلاف لڑنے کی ضرورت ہے، اگر حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ ہوتی، تو لاہور دھماکے کے بعد بلوچستان میں ملک دشمنوں کو اتنی بڑی کاروائی کی جرأت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں دہشتگردی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، بے گناہ انسان لقمہ اجل بن رہے ہیں، قومی سلامتی پالیسی نہ جانے کہاں ہے، حکومت نااہل اور ناکام ہے، حکومتی نااہلی عوام کے جان، مال، عزت کے لیے عذاب بن گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 976072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش