0
Wednesday 25 May 2022 12:34

اسلحہ کی برآمدگی خونی مارچ کا ثبوت ہے، عطاء تارڑ

اسلحہ کی برآمدگی خونی مارچ کا ثبوت ہے، عطاء تارڑ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت کے ترجمان عطاءاللہ تارڑ نے ایوان وزیراعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماوں زبیر نیازی اور بجاش نیازی کے گھروں سے اسلحہ کی برآمدگی خونی مارچ کا ثبوت ہے، انتشار نہیں پھیلانے دیں گے، یہ چاہتے ہیں کہ خود چھپے رہیں اور لوگوں کے  بچے باہر نکلیں۔ عطااللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ کل میاں اسلم اقبال جس طرح پولیس افسران کو مخاطب کر رہے تھے، وہ اچھی بات نہیں، ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں، ہماری بہنوں کو بھی جیل میں ڈالا گیا، پرویزالہی کی جانب سے کانسٹیبل کی شہادت کا مذاق اُڑایا گیا، کاش پرویزالہی نے اس شہید کے بیٹے کی سسکیاں سنی ہوتیں۔
 
انہوں نے کہا کہ رکاوٹوں پر عوام سے معافی مانگتے ہیں لیکن امن و امان قائم کرنا ہے، ہمیں اطلاعات ہیں کہ کے پی کے سے سرکاری خرچے پر کرینیں، گیس ماسک لے کر آ رہے ہیں اور علی امین گنڈاپور اس کے انچارج ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی امن خراب کیا، یہ روایت ٹوٹے گی، معاشی بدحالی، بیروزگاری، مہنگائی عمران خان کی پونے چار سال کرپشن کی وجہ سے ہے، لانگ مارچ کے حوالے سے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے اور کیمروں سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے لوگ جہاں جہاں روپوش ہیں بدامنی اور انتشار پھیلانے کا پیغام دے رہے ہیں اور ہم انتشار پھیلانے نہیں دیں گے۔
 
عطااللہ تارڑ نے اپنے بھائی بلال تارڑ کے گوجرانوالہ میں ڈیرے پر فائرنگ کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے مذمت کی اور کہا کہ سکیورٹی خدشات ہیں لیکن عوام کی خدمت کے سفر سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہید کانسٹیبل کمال کے اہلخانہ کو شہید پیکج دیا جائے گا اور پنجاب حکومت ان کے اہلخانہ کی ہر ممکن کفالت کی ذمہ داری اٹھائے گی، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز بہت جلد کانسٹیبل کمال کے گھر تعزیت کیلئے بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ماں کے بچے کو ان کے انتشار کا شکار نہیں بننے دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ  تحریک انصاف کے رہنما خود فون کرکے کہہ ہے ہیں کہ انہیں گرفتار کر لو۔
خبر کا کوڈ : 995989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش