0
Tuesday 31 May 2022 18:59

نبیہ بری ساتویں مرتبہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب

نبیہ بری ساتویں مرتبہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے ساتوں مرتبہ ''نبیہ بری'' کو لبنانی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کر لیا ہے۔ فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق، لبنان میں نئے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے ''النجمہ'' اسکوائر پر واقع لبنانی پارلیمنٹ میں اسپیکر کے انتخاب کے لئے پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے آغاز میں مختلف حلقوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد پارلیمنٹ کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔ لبنانی میڈیا کے مطابق، ''نبیہ بری'' 128 میں سے 65 ووٹ لے کر دوبارہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوگئے جبکہ 40 ووٹ کالعدم قرار دیئے گئے اور 23 ارکان پارلیمنٹ نے خالی ووٹ دیا۔ دوبارہ اسپیکر منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں ''بری'' نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے خلوص نیت سے کام کرنے والے افراد کے لئے اُن کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دباؤ کی پرواہ کیے بغیر دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے خلاف آپس میں متحد ہونا چاہیئے۔

نبیہ بیری 28 جنوری 1938ء کو ''سیر الیون'' (آفریقہ) میں پیدا ہوئے اور ان کی عمر 84 سال ہے۔ لبنان واپس آنے کے بعد انہوں نے اپنے ابتدائی سال جنوبی لبنان میں اپنے آبائی شہر ''تبین'' میں گزارے۔ اپنی تعلیم جاری رکھنے کے بعد وہ قانون اور سیاسیات کی فیکلٹی میں داخل ہوئے اور 1963ء میں قانون کی ڈگری مکمل کی۔ اس کے بعد وہ ''قانون'' کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے فرانس کے شہر ''سوربون'' پہنچے۔ شروع ہی سے وہ جنوبی لبنان پر اسرائیلی قبضے کے خلاف جنگ میں "امام موسیٰ صدر" کے شانہ بشانہ سرگرم رہے۔ 1980ء میں وہ ''افواج المقاومه اللبنانیه'' (امل) کے سربراہ منتخب ہوئے اور ابھی تک اس عہدے پر فائز ہیں۔ 1992ء میں وہ پہلی بار لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوئے اور مسلسل ساتویں مرتبہ اس عہدے پر فائز ہیں۔

یاد رہے کہ لبنان کے پارلیمانی انتخابات 15 مئی کو ہوئے اور تمام ہی جماعتوں نے کچھ سیٹیں حاصل کیں۔ ''النشرۃ'' کی رپورٹ کے مطابق، ''نبیہ بری'' کے انتخاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹنگ شروع ہوئی۔ اس عہدے کے لیے ایک امیدوار ''الیاس بوصعب'' نے 65 اور دوسرے امیدوار ''غسان سکاف'' نے 60 ووٹ حاصل کیے، دو ووٹ خالی اور ایک ووٹ کالعدم قرار دیا گیا۔ چنانچہ بوصعب پانچ ووٹ زیادہ لے کر نبیہ کے نائب منتخب ہوئے۔ ان کے ساتھ ہی "الان عون" اور "ہادی ابوالحسن" بھی لبنانی پارلیمنٹ کے سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 997015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش