0
Friday 1 Mar 2024 21:24

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ مجلس وحدت مسلمین کے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور کوئٹہ میں ریلیاں، نماز جمعہ کے بعد نکلنے والی ریلیوں میں نمازیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور غزہ میں ہونے والے اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور صدائے احتجاج بلند کی۔ شرکائے احتجاج نے امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، لبیک یاحسین و دیگر نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے کے آخر میں شرکاء نے امریکی و اسرائیلی جھنڈے بھی نذر آتش کئے۔

2۔ ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل قابض رژیم ہے اور اسے اپنے دفاع کا کوئی حق حاصل نہیں، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے "علی بحرینی" نے کہا کہ ابھی تک کوئی بھی صیہونی بربریت سے فلسطینیوں کو نجات نہیں دلا سکا، جو کہ ہمارا قصور ہے۔ نہ صرف ان سنگین جرائم کو روک سکیں بلکہ بعض ممالک کی جانب سے صیہونی رژیم کی مالی و عسکریت حمایت ان جرائم میں ناقابل تردید کردار رکھتی ہے۔ ایران کے سفیر نے صیہونی رژیم کے دفاعی حق میں آنے والی رپورٹس اور موقف پر کہا کہ اسرائیلی قبضے اور اس کے مقابلے میں مقاومت کو ایک نگاہ سے نہیں دیکھا جا سکتا اور نہ ہی قابض فورسز کو قانونی دفاع نامی کو کوئی حق حاصل ہے۔

3۔ اقوام متحدہ کا طالبان حکومت سے سرعام پھانسی دینے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے کہا کہ گذشتہ ہفتے افغانستان کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں 2 افراد کو سرعام پھانسی دیئے جانا پریشان کن ہے۔ اپنے بیان میں جیریمی لارنس نے کہا کہ سرعام پھانسی دینا ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک یا سزا کی ایک شکل ہے، جو شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت محفوظ زندگی کے حق کے منافی عمل ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان کو اس بین الااقوامی معاہدے کا ایک فریق ہونے کی حیثیت سے معاہدے کی پاسداری کرنا چاہیئے۔

4۔ امریکی قانون سازوں کا صدر جوبائیڈن سے پاکستان میں دھاندلی کی تحقیقات تک نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ، امریکی کانگریس مین گریگ کیسر کی سربراہی میں اور امریکی ایوان نمائندگان کے 31 ڈیموکریٹک ارکان نے مشترکہ طور پر لکھے گئے ایک خط پر دستخط کیے، دستخط کرنے والوں میں نمائندے پرمیلا جے پال، راشدہ طلیب، روکھنہ، جیمی راسکن، الہان عمر، کوری بش اور باربرا لی شامل تھے۔خط میں 8 فروری کے عام انتخابات سے قبل اور بعد میں دھاندلی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے انتخابات کے دن انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے نئی پاکستانی حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

5۔ بنگلادیش کے ریسٹورنٹ میں آتشزدگی، 43 افراد ہلاک 40 زخمی ہوگئے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کی وزیر صحت سمانتا لال کا کہنا ہے کہ آگ ڈھاکہ کے متمول علاقے میں واقع بریانی کے ریسٹورنٹ میں لگی، آگ سے 40 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جن کا برن اسپتال میں علاج جاری ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق آگ بریانی ریسٹورنٹ میں لگی، جس نے 7 منزلہ عمارت کے اوپر والے فلورز کو بھی لیپٹ میں لے لیا۔ آگ میں گھرے 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

6۔ غزہ میں جاری نسل کشی پر کولمبیا نے اسرائیل سے ہتھیاروں کی خریداری روک دی، کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے امدادی اشیا کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کا ذمہ دار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے احتجاجا اسرائیل سے اسلحے کی خریداری کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ کولمبیا کے صدر گستا پیٹرو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ خوراک لینے کے لیے پہنچنے والے 100 سے زائد فلسطینیوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گولیاں چلوائیں، جو نسل کشی ہے۔ صدر گستاو پیٹرو نے مزید کہا کہ چاہے عالمی طاقتیں تسلیم کریں یا نہ کریں، اسرائیلی مظالم سے ہولوکاسٹ کی یاد تازہ ہوگئی۔ عالمی برادی کو چاہیئے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے تعلقات منقطع کر دیں۔

7۔ اقوام متحدہ، فرانس اور اسپین کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت، تحقیقات کا مطالبہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل عمل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا، جبکہ اسپین نے بھی نہتے اور بھوک و افلاس کے شکار فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کو بلاجواز قرار دیا۔ یورپی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امداد کے منتظر فلسطینیوں کا قتلِ عام ناقابل قبول ہے۔ دوسری جانب حماس نے دھمکی دی ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کر دے گا۔

اور اب ایک نظر آج کی تصویری رپورٹ پر، جس کا عنوان ہے "پاراچنار میں نومنتخب انجمن حسینیہ کے اراکین کی حلف برداری کی تقریب۔"
خبر کا کوڈ : 1119626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش