1
Tuesday 26 Mar 2024 15:57

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ شانگلہ میں گاڑی پر خودکش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق، خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بشام کے قریب پیش آیا کہ سامنے سے آنے والی دھماکہ خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا اور ایک گاڑی نیچے گہری کھائی میں جاگری۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ کے مطابق غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان آرہی تھی۔ جاں بحق افراد میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔

2۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں رکھ لیں مگر باقی رہنمائوں کو رہا کر دیں، اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نو مئی واقعات پر اب تک کوئی انکوائری نہیں ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سی سی ٹی وی فوٹیجز کو ریکور کرنے کا حکم دیں، جنہوں نے سی سی ٹی وی فٹیجز چوری کی، وہی نو مئی کے ذمہ دار ہیں، کرائم کی انفارمیشن چھپانا بھی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے اسرائیل دہشت گردی کرکے فلسطین پر الزام لگا دیتا ہے، ایسے ہی نو مئی کا واقعہ کرکے ہم پر الزام لگا دیا گیا، نو مئی کی بنیاد پر ایک سیاسی جماعت کو ختم کیا جا رہا ہے، یہ سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے، مجھے اندر کرنا تھا اور نواز شریف کو لانا تھا۔

3۔ تربت میں پاک بحریہ کے ایئر بیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید ہوگیا، آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پی این ایس صدیق پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے موثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ بحری دستوں کی مدد کے لیے اردگرد میں موجود سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، مسلح افواج کے موثر جواب کے بعد مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ شہید کی عمر 24 سال اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔

4۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ماہر نے اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کو بے نقاب کر دیا، فلسطینی علاقوں میں حقوق کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانی نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ فرانسسکا البانی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ اس بات کے واضح اشارے ملے ہیں کہ اسرائیل نے نسل کشی کے بین الاقوامی کنونشن کے تحت درج 5 میں سے 3 کی خلاف ورزی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں مختلف گروپ کے ارکان کو قتل کرنے، انھیں شدید جسمانی یا ذہنی اذیت دینے میں ملوث رہی ہے۔ فرانسسکا البانی اپنی اس رپورٹ کو آج ہیومن رائٹس کونسل میں پیش کریں گی۔ دوسری جانب جنیوا میں اسرائیل کے
سفارتی مشن نے کہا کہ فرانسسکا البانی کی اس رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

5۔ اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود غزہ میں جاری اسرائیل حماس تنازع میں کوئی کمی نہیں آسکی، اسرائیلی فوجیوں کی غزہ پٹی میں کارروائیاں جاری ہیں۔ قرارداد گذشتہ روز اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکا کی عدم شرکت کے بعد منظور کی گئی۔ دوسری جانب غزہ میں جنگ بلاتعطل جاری ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جنوبی غزہ کے رفح شہر میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے منگل کو شہر پر بمباری کی۔ صیہونی فوج کی رفح میں گھرپر بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت 15 فلسطینی شہید ہوگئے۔

6۔ غزہ پر قرارداد ویٹو کیوں نہیں کی؟ اسرائیل نے امریکی دورہ منسوخ کر دیا،  اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو امریکا کی جانب سے ویٹو نہ کرنا، یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کے خاتمے کی جنگ کو نقصان پہنچائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ پر امریکی موقف میں اس تبدیلی کے تناظر میں امریکا جانے والے اسرائیلی وفد کو دورے سے روک دیا ہے۔ یہ دورہ امریکی صدر جو بائیڈن کی درخواست پر کیا جانا تھا۔ جس پر وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ اس لیے نہیں لیا کیوں کہ اس میں حماس کی مذمت نہیں کی گئی تھی۔

7۔ اسرائیل کا لبنان میں ایک کار پر حملہ، حزب اللہ کے 2 کمانڈرز جاں بحق، حزب اللہ کے ترجمان نے اپنے دو کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کی ہے، تاہم حزب اللہ نے شہید ہونے والے اپنے کمانڈرز کی شناخت ظاہر نہیں کی، جبکہ اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ لبنان کے ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ مشرقی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شامی شخص شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ بعد ازاں زخمی شخص بھی دوران علاج چل بسا۔ ممکنہ طور پر یہ دونوں ہی حزب اللہ کے کمانڈرز تھے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یہ کار ایک سپر مارکیٹ کے مالک کی ہے اور اسے شامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے فلسطین فانڈیشن کے تحت یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد، سیاسی و مذہبی قائدین کی شرکت
خبر کا کوڈ : 1124990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش