1
0
Sunday 7 Apr 2013 18:14

جنوبی وزیرستان، طالبان نے انتخابی عمل میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی

جنوبی وزیرستان، طالبان نے انتخابی عمل میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان ملا نذیر گروپ نے جنوبی وزیرستان میں مشروط طور پر انتخابی عمل کے دوران کوئی مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے چار کے حلقہ این اے 41 میں الیکشن میں حصہ لینے والے پچاس سے زائد امیدواروں اور ان کے نمائندوں کا اجلاس بلا یا گیا جس میں ملا نذیر گروپ کے سربراہ صلاح الدین ایوبی المعروف بھاول خان نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ الیکشن میں وہ کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔

اجلاس میں موجود ایک شخص نے بتایاکہ بھاول خان نے کہا کہ ہر قبائلی شخص کو ووٹ دینے کی مکمل آزادی ہو گی وہ جسے چاہئے آزادی سے ووٹ دے سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملا نذیر گروپ نے جہاں انتخابی عمل میں عدم مداخلت کی یقین دہانی کروائی ہے وہیں چند شرائط بھی رکھی ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ انتخابی جلسے اور ریلیاں رستم بازار سے دور کھلے میدان میں منعقد کی جائیں گی۔

دوسری شرط کے مطابق جو امیدوار زیادہ مقبول نہیں ہو گا وہ رضا کارانہ طور پر دستبردار ہو جائیں اور تیسری اورآخری شرط یہ رکھی گئی ہے کہ کوئی بھی امیدوار اپنی تقریروں میں مخالف امید وار کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وانا میں اب بھی تحریک طالبان ملا نذیرگروپ کی اجارہ داری ہے اور مذکورہ یقین دہانیوں کے بعد شہریوں میں اطمینان کی فضا پائی جا رہی ہے اور لوگوں نے انتخابی عمل میں بھی شریک ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 252352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

اچھی اور دلچسپ خبر ہے ایسی خبریں شائع کرنے پر مبارک باد قبول کریں۔
منتخب
ہماری پیشکش