0
Sunday 11 May 2014 07:57

پاکستان سُنی تحریک نے 11 مئی سے ’’ہفتہ دفاع پاکستان‘‘ منانے کا اعلان کر دیا

پاکستان سُنی تحریک نے 11 مئی سے ’’ہفتہ دفاع پاکستان‘‘ منانے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک نے ملک کی موجودہ صورتحال میں درپیش چیلنجز، اداروں کے مابین ٹکراؤ کے خاتمے اور عوامی بیداری شعور کیلئے 11 مئی سے ’’ہفتہ دفاع پاکستان‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سُنی تحریک کے تحت ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا اور عوام کو پاک فوج کے حوالے سے پھیلائے جانے والے منفی پراپیگنڈے کے پس پردہ حقائق سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ ملک وقوم کے خلاف کی جانیوالی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے 18 مئی کو کراچی میں مزار قائد سے ایم اے جناح روڈ تک تاریخ ساز ’’دفاع پاکستان ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔ اس بات کا اعلان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے مرکز اہلسنّت پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ اس وقت ملک پاکستان بدترین دہشتگردی کا شکار ہے۔ ملک کو درپیش داخلی اور خارجی چیلنجز نے ملک کی بقاء اور سالمیت پر کئی سوالات اٹھا رکھے ہیں۔ طالبان سمیت دیگر انتہاء پسند دہشتگرد تنظیموں نے ملک کو جس سنگین صورت حال سے دوچار کر دیا ہے، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ آج ملک کے ہر صوبے، شہر، قصبے، گاؤں اور گلی محلوں میں دہشتگردوں نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے جبکہ حکمران اپنے اقتدار اور سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کے نشے میں مست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک سازش کے تحت ہماری پاک فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرکے دنیا بھر میں ان کے امیج کو خراب کرنے کی مذموم سازشیں کی جارہی ہیں۔ انتہا پسندوں سے حکومتی مذاکرات نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ ایک جانب ملک میں افراتفری کا عالم ہے تو دوسری جانب بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، گیس کی بندش، ملک بھر میں اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ملک کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک نے اپنے قیام سے لے کر آج تک ملک کے غریب اور پسے ہوئے عوام کے لئے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور آج ہمارے حکمرانوں کی نااہلی نے اس ملک کو جس دہرائے پر لاکھڑا کیا ہے اب ضروری ہے کہ عوام میں شعور کو اجاگر کرنے اور ہماری امن و امان کی بحالی کے اداروں اور بالخصوص پاک فوج کے خلاف کی جانے والی سازشوں پر ہم میدان عمل میں آئیں۔ ہم اس ملک کی بقاء اور سالمیت اور افواج پاکستان اور دیگر سکیورٹی ادروں کی جانب سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واضح رہے کہ 18 مئی ہمارے بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری کا یوم شہادت بھی ہے اور اس روز ملک کی بقاء اور سالمیت کی جنگ لڑتے ہوئے انہیں دہشتگردوں اور انتہا پسندوں نے شہید کر دیا تھا انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے مابین جاری تناؤ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک سازش کے تحت اس ملک کے اداروں کے مابین ٹکراؤ کی صورت حال پیدا کی جارہی ہے، جس کا واحد مقصد اس ملک کو تباہی کی جانب دھکیلنا ہے۔ اس لیے ہم ان تمام سرکاری اور نجی اداروں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ ٹکراؤ کی بجائے تمام معاملات کو افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ پاکستان سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب مل کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔ ہماری حکومت پاکستان سے بھی استدعا ہے کہ وہ اس ملک کی بقا اور سالمیت کیلئے خطرہ بننے والے دہشتگردوں سے مذاکرات کی بجائے ان سے طاقت کے ذریعے نمٹے۔ اس جنگ میں ملک کے 18 کروڑ عوام ان کے ساتھ ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 381349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش