0
Tuesday 22 May 2018 19:08

قندھار، غزنی میں طالبان کی کارروائیاں، سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20 ہلاک متعدد زخمی

قندھار، غزنی میں طالبان کی کارروائیاں، سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20 ہلاک متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صوبے قندھار میں کار بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق 37 زخمی جبکہ غزنی میں طالبان کے حملوں میں افسران سمیت 14 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے اور متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کار بم دھماکہ آج ظہر کی نماز کے بعد حضرت جی بابا نامی علاقے میں ہوا جہاں فورسز نے بارودی مواد سے لدی گاڑی پکڑی تاہم اسے دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 12 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی  ہوئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
 
دوسری جانب طالبان نے غزنی کے جگاتو، آجرستان، قراباغ اور ڈی یاک نامی اضلاع میں پولیس چیک پوسٹوں اور ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف اور ریزرو یونٹ کے کمانڈر سمیت 14 افسران و اہلکار ہلاک ہو گئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ ضلع ڈی یاک میں پولیس ہیڈکوارٹر پر حملے کے دوران متعدد اہلکاروں کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی سالانہ مہم الخندق کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جس میں طالبان امیر نے افغانستان میں قائم فوجی، پولیس اور دیگر سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکہ اور افغان حکومت کی جانب سے طالبان سے رمضان المبارک کے دوران جنگ بندی کی اپیل کی گئی تھی جو مسترد کر دی گئی۔ یہ بھی واضح رہے کہ رمضان المبارک شروع ہونے کے بعد یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے دو روز قبل ننگرہار میں کرکٹ میدان میں تین دھماکے ہوئے تھے جن کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 726666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش