0
Sunday 22 Jul 2018 01:30

ایپکس کمیٹی کا گلگت بلتستان کے مدارس میں علماء کی مشاورت سے اصلاحات کا فیصلہ

ایپکس کمیٹی کا گلگت بلتستان کے مدارس میں علماء کی مشاورت سے اصلاحات کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ایف سی این اے ہیڈکوارٹر گلگت میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گلگت بلتستان کے اندر پائی جانے والی سیاسی و مذہبی ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے کے علماء کرام کو امن کا داعی اور سفیر قرار دیتے ہوئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے طبقات کی امن کے لئے انجام دی جانے والی خدمات اور کاوشوں کو سراہا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن، کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل ثاقب محمود ملک، چیف سیکرٹری بابر حیات تارڑ، ہوم سیکرٹری جواد اکرم، آئی جی پی ثناءاللہ عباسی سمیت اعلٰی سول و فوجی افسران سمیت ریاستی اداروں کے اعلٰی اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وطن عزیز کی خاطر بے بہا قربانیاں دینے پر گلگت بلتستان کی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشانِ حیدر حاصل کئے جانے کو پورے خطے کے عوام کیلئے باعث افتخار قرار دیا گیا۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو پاک فوج کا ہر اول دستہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کی حفاظت کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کی لازوال قربانیاں ہیں، جنہیں ریاست انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ایپکس کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں گلگت بلتستان کے تمام اداروں کے مابین پائی جانے والی ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی میں عوام کو قانون کے مطابق حاصل سیاسی اور شخصی آزادی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ ان پر کسی بھی قسم کا کوئی قدغن نہیں ہوگی۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے اندر پائی جانے والی صلاحیتوں اور حب الوطنی کو پورے ملک کے نوجوانوں کیلئے مشعل ِراہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ وہ دشمن کی سازشوں کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالینگے۔ شرپسند عناصر کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کے آگے بڑہیں گے۔ گڑبڑ اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اور قومی سلامتی کے امور پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ایپکس کمیٹی نے اس بات کا عزم کیا کہ ملک دشمن عناصر دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کو ہر حد تک جا کر کے کیفرِ کردار تک پہنچا کر نشان عبرت بنایا جائے گا۔ شرپسند عناص رکے گلگت بلتستان میں داخلے اور خروج پہ سختی سے نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایپکس کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو مشکوک اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں قانون کی پاسداری کو بلاتفریق یقینی بنانے کا فیصلہ ہوا اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر سمیت ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈے کو نا قابل برداشت قرار دیا گیا اور تنیبہ کی گئی کہ ایسے عناصر کے خلاف مروجہ قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ علماء کرام کی مشاورت سے مدارس میں مزید بہتری لانے کیلئے اعانت اور اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی نے متفقہ طور پر ملک اور گلگت بلتستان کی معیشت میں کے کے ایچ کو ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کسی شخص، گروہ یا جماعت کی رخنہ اندازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، شر پسندوں کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کرنے کے احکامات بھی صادر کئے۔ منتخب حکومت کے فیصلوں کے خلاف قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج کو عوام کا حق تصور کرتے ہوئے ایپکس کمیٹی نے سختی سے فیصلہ کیا کہ کسی بھی شخص یا جماعت کو قانونی حدود پار کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ شیڈول فور میں نامزد کئے گئے افراد کو غیر قانونی طریقے اپنانے سے اجتناب کرنے کی تنیبہ کی گئی اور خبردار کیا گیا کہ بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے زمینی تنازعات قانونی حقائق کی روشنی میں حل کئے جائیں گے، ایپکس کمیٹی میں گلگت بلتستان کے اندر ترقی کے عمل کو مزید بہتر کرنے کے لئے جاری ترقیاتی کام اور پاور پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور عوامی فلاح کے ان ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ گلگت بلتستان میں مختلف قدرتی آفات کے دوران پاک فوج کے کردار کو ایپکس کمیٹی نے شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ گندم کے اضافی کوٹے کے مطالبے کو وفاقی حکومت کے قوائد کو ضوابط کے مطابق دینے کی حمایت کی۔
خبر کا کوڈ : 739356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش