1
Wednesday 27 Mar 2024 16:48

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا کے انتخابات میں بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے، اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین کے اُمیدوار انجینئر حمید حسین عام انتخابات میں ممبر قومی اسمبلی اور اسلام آباد سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء مختار عباس ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بلامقابلہ منتخب ہونے والے شیعہ قومی لیڈر ہیں۔ 

2۔ امریکہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی حمایت نہیں کرتے، امریکی وزیر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے صحافی نے پوچھا کہ ڈونلڈ لو نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پر کام شروع کرنے کے حق میں نہیں ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستان کچھ قانونی اداروں میں اس پراجیکٹ پر مشورہ کر رہا ہے۔؟ ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ میں کسی بھی ممکنہ پابندی کی کارروائی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہوں گا، لیکن ہمیشہ سب کو یہی مشورہ دیتے ہیں کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ اس لیے ہر ایک کو اس پر بہت احتیاط اور غور کرنے کا مشورہ دیں گے۔
 
3۔ بھارت کے عام انتخابات میں گرفتار اپوزیشن لیڈر اروند کیجریوال کا جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان، نئی دہلی کے وزیراعلی اور آئندہ انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے بنائے گئے اپوزیشن اتحاد کے ایک اہم رہنماء ہیں، جنہیں 21 مارچ کو طویل عرصے سے جاری بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ نئی دہلی کے وزیر تعلیم اور کجریوال کی عام آدمی پارٹی کی رکن آتشی مارلینا سنگھ نے کہا کہ قانونی اور آئینی دفعات انہیں سلاخوں کے پیچھے رہتے ہوئے اپنے عہدے پر رہنے کی اجازت دیتی ہیں۔ یہ بات واضح ہے کہ اروند کیجریوال دہلی کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ دوسری جانب اروند کیجریوال نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔

4۔ امریکی لڑاکا طیاروں کی شام میں متعدد مقامات پر بمباری، روسی خبر ایجنسی اسپتنک نے اعلان کیا ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے مقامی وقت کے مطابق گذشتہ شب 1 بجکر 49 منٹ پر شامی صوبے دیرالزور میں 10 مقامات پر بمباری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں شہر دیرالزور کی مرکزی شاہراہ رئاسہ الجامعہ اور شہر المیادین کے التمو نامی محلے سمیت السویعہ نامی علاقے، الصالحیہ گاوں اور شہر بوکمال میں واقع الہجانہ روڈ پر واقع 10 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق شامی ایئر ڈیفنس نے جارح میزائلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے متعدد حملہ آور میزائلوں کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔

5۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ ایران پہنچ گئے، ایرانی سپریم لیڈر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں، فلسطینیوں کی حمایت کیلئے ایران کے شکرگزار ہیں، اسماعیل ہنیہ کا پریس کانفرنس سے خطاب، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماں نے غزہ جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں اسرائیل کی سیاسی حمایت میں کمی ہوئی ہے اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے ایران کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ میں فلسطینیوں نے ناقابل یقین مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔

6۔ اسرائیل نے سلامتی کونسل قرارداد کو پیروں تلے روند دیا، مزید 81 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے آٹھ واقعات میں مزید 81 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق رفح میں ایک گھر پر رات گئے اسرائیلی بمباری میں اٹھارہ افراد شہید ہوئے، جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب غزہ میں ہوائی جہاز سے گرائی گئی امداد کے حصول کی کوشش میں 12 افراد ڈوب کر اور چھ بھگدڑ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

7۔ یمن کیجانب سے امریکہ، اسرائیل و برطانیہ کیخلاف 6 خصوصی آپریشنوں کا اعلان، یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحییٰ السریع نے آج سہ پہر اعلان کیا ہے کہ یمنی مسلح افواج و ملکی میزائل فورسز نے خلیج عدن و بحر احمر میں 4 امریکی و برطانوی بحری بیڑوں کے خلاف 4 مشترکہ آپریشن انجام دیئے ہیں۔ جنرل یحییٰ السریع نے کہا کہ اس دوران خلیج عدن و بحیرہ احمر میں MAERSK SARATOGA اور APL DETROIT نامی 2 امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسی طرح بحیرہ احمر میں ہی HUANG PU نامی برطانوی بحری جہاز جبکہ ایک PRETTY LADY نامی بحری جہاز کو غاصب صیہونی رژیم کی جانب مڑتے ہوئے حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ 

8۔ امریکی شہر بالٹی مور میں دریائے پاٹاپسکو پر بنے ایک پل سے کنٹینر سے لدا بحری جہاز ٹکرا گیا، پل گرنے سے درجنوں گاڑیاں سمندر میں جا گریں اور 20 مسافر ڈوب گئے۔ بالٹی مور سٹی فائر ڈپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ سمندر میں متعدد گاڑیاں گرگئی ہیں اور کم از کم 20 افراد سمندر میں ڈوب گئے، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ حادثے سے متعلق فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ایک بڑا اور وزنی بحری جہاز فرانسس اسکاٹ کی برج کے کالم سے ٹکرا گیا، جس کے باعث پل ٹوٹ کر پانی میں ڈوب گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد گاڑیاں پل کے ٹوٹنے سے سمندر میں گر گئیں۔ میری لینڈ کے گورنر نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔

 تصویری رپورٹ: پر جس کا عنوان ہے کراچی میں ابن زہرا انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام 24ویں سالانہ کتب میلے کا انعقاد
خبر کا کوڈ : 1125215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش