0
Saturday 26 Jul 2014 11:43

آزاد کشمیر کا خطہ عملاً تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، توقیر گیلانی

آزاد کشمیر کا خطہ عملاً تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، توقیر گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ ظلم اور ناانصافی کے فروغ نے مسلمان معاشروں کو ہر لحاظ سے کھوکھلا اور تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ چڑھوئی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سٹی چڑھوئی یونٹ کی طرف سے منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ کا درس دیتا ہے اور تقویٰ یہ ہے کہ ہر طرح کی برائیوں سے بچا جائے تاکہ انصاف پر مبنی فلاحی معاشرہ قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ غلام قوموں کی عزتِ نفس جب مجروح ہو جائے تو تزکیہ نفس کا حصول ممکن نہیں۔ آج ہم تمام تر عبادات قائم کرنے کے باوجود سیاسی، معاشی اور معاشرتی ابتری کا شکار ہیں کیونکہ طویل غلامی نے ہمارے اندر ایسی لعنتوں کو رائج کر دیا ہے جن کا حتمی نتیجہ تباہی اور بربادی ہے۔ 

ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کا یہ خطہ عملاً تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے کیونکہ ہمارے حکمران ظلم، ناا نصافی، اقرباء پروری، برادری ازم، بدیانتی اور تعصب کو فروغ دے رہے ہیں اور غلامی جیسی بدترین اور تمام شرفائے انسانیت کی ناپسندیدہ حالت کو آزادی بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی مکاری اور دولت کی ہوس کو اُس وقت اور فروغ ملتا ہے جب قوم کی اکثریت انکے ظلم پر خاموش رہتی ہے اور انہیں راہِ راست پر لانے کی بجائے ان کے گلے میں ہار ڈال کر گلی گلی انکا استقبال کرتی ہے۔ 

ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ اسلام حق و باطل میں واضح تمیز کرنے کا حکم دیتا ہے اور بحثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہوں اور باطل قوتوں کا راستہ روکیں۔ ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاست جموں کشمیر کے لوگوں کی عزت، عظمت، آزادی اور حقوق کی بات کرتا ہے اور لبریشن فرنٹ کی جدوجہد اسی صورت کامیاب ہو سکتی ہے جب عوام لبریشن فرنٹ کے ساتھ کھڑے ہوں۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان، ضلعی صدر سہیل کٹاریہ، ریاض ملک، تحصیل صدر راجہ مجید ، حبیب الرحمن ہاشمی اور دیگر نے کہا کہ لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر میں کرپشن، بدیانتی، عوامی وسائل کی لوٹ مار اور غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کی خاطر رچائے جانے والے ہر ڈرامے کی پرزور مذمت کے ساتھ ساتھ یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ اقتدار پرستوں کے ظلم و ستم کو روکنے اور عوامی حقوق کے تحٖفظ کیلئے خطہ بھر میں ہمہ گیر جدوجہد کی جائے گی۔ مقررین نے اس عزم کا اعداہ کیا کہ مادر وطن کی مکمل آزادی اور ریاست کے عوام کے بہتر مستقبل کیلئے لبریشن فرنٹ شہداء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 401594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش