0
Thursday 8 May 2014 21:49

دہشت گردی کے خلاف پاک ایران تعاون بڑھانے پر اتفاق خوش آئند ہے، صاحبزادہ حامد رضا

دہشت گردی کے خلاف پاک ایران تعاون بڑھانے پر اتفاق خوش آئند ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عوام کو آئین میں دیئے گئے حقوق کبھی نہیں ملے۔ حکمران غیرملکی ایجنڈے کے تحت مہنگائی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ میران شاہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں 9 ایف سی اہلکاروں کی شہادت افسوسناک ہے۔ پاک فوج پر حملے کرنے والے پاکستان کے غدار، ریاست کے باغی اور پاکستان دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ کراچی میں ایف بی آئی کے ایجنٹ کو رہا کرنا شرمناک ہے۔ لوڈشیڈنگ پر عوام کو صبر کی تلقین کرنے والے حکمران بتائیں کہ عوام اور کتنا صبر کریں۔ پاک ایران کمیشن کا قیام خطے میں قیام امن میں معاون ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف پاک ایران تعاون بڑھانے پر اتفاق خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کو ذاتی مفادات کے اسیروں اور ڈالر پرستوں سے پاک کرنا ہو گا۔ حکمران اشرافیہ عوام کو شودر اور خود کو برہمن سمجھتے ہیں۔ مراعات یافتہ حکمران طبقے کی اولادیں ملک میں تعلیم حاصل نہیں کرتیں اور باہر سے پڑھ کر پاکستان میں غریبوں پر حکومت کرنے آتی ہیں۔ ملک میں جاری سودی نظام اﷲ کے غضب کو دعوت دے رہا ہے۔ سودی نظام کے خاتمے کے بغیر ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہماری جدوجہد انقلابِ نظامِ مصطفی کے لیے ہے۔ بھارت سے تجارت پاکستان کے لیے نقصان کا باعث بنے گی۔ افواج پاکستان نے ملکی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ حکمران دفاعی اداروں کو جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنانا چاہتے ہیں۔ دفاعی اداروں پر الزام تراشی بھارت سے وفاداری اور پاکستان سے غداری کے مترادف ہے۔ بیرونی ممالک سے فنڈز لے کر پاکستان میں ان کے مفادات کو تحفظ دینا ملک سے بے وفائی ہے۔ پاک فوج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ آئی ایس آئی پر الزام تراشی سے پاکستان کو نقصان اور بھارت کو فائدہ ہوا۔
خبر کا کوڈ : 380594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش