0
Wednesday 12 Jun 2019 15:33

یوم انہدام جنت البقیع یوم نابودی آل سعود

یوم انہدام جنت البقیع یوم نابودی آل سعود
اداریہ
بعض اوقات انسان اتنا احسان فراموش ہو جاتا ہے کہ اپنے محسنوں کو بھی ظلم و ستم کا نشانہ بنانے سے نہیں چوکتا, حالانکہ قرآن بڑی صراحت کے ساتھ کہتا ہے کہ "هل جزا الاحسان الا الاحسان" یعنی احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ نہیں۔ آل سعود کے جد یعنی اپنے دور کے سب سے بڑے ڈاکو اور نامور لیٹرے عبدالعزیز نے سامراج کے ذریعے سرزمین حجاز مقدس پر قبضہ کرکے حرمین شریفین کے تقدس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امت مسلمہ کے اندر اپنی حیثیت اور مقام کو مضبوط و مستحکم کیا۔ ایک لٹیرا اور ڈاکو خاندان پیامبر اکرم (ص) کے صدقے میں خادمین حرمین شریفین کا لقب لینے میں کامیاب ہوگیا اور اس کو اس بات کا اچھی طرح احساس بھی ہے کہ سعودی عرب اور آل سعود کے لیے مسلمانوں کے اندر عقیدت کی پہلی اور آخری وجہ اسلام کے مقدس مقامات مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ہیں۔ دنیا کا ہر مسلمان مکہ و مدینہ کے لیے اپنی قیمتی جان بھی قربان کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے، لیکن تاریخ کا المیہ یہ ہے کہ ان مقدس مقامات پر وہ لوگ قابض و مسلط ہیں جو نہ رسول خدا (ص) کو اہمیت دیتے ہیں اور نہ ان کے سامنے مقدس مقامات کی کوئی حیثیت ہے۔

اگر ان مقدس مقامات سے انہیں مالی وسائل اور امت مسلمہ کی حمایت کا تاثر نہ ملتا تو یہ تکفیری مزاج عیاش سعودی حکمران ان مقدس مقامات کو بھی جنت البقیع کے مقدس قبرستان کی طرح مسمار کرکے اس پر اپنے محل تعمیر کر دیتے۔ آل سعود نے پہلی بار 1220 ہجری قمری اور دوسری مرتبہ 8 شوال 1344 ہجری قمری میں اس قبرستان کو مسمار کیا۔ اس قبرستان میں رسول خدا (ص) کی تقریباً تمام ازواج، معروف اصحاب اور دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا سمیت نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام اور فرزندان رسول امام زین العابدین علیہ السلام، حضرت امام باقر علیہ السلام اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے مزار ہیں۔ اتنی مقدس ہستیاں اور ان میں بھی اکثریت ہستیاں ایسی ہیں، جو پیامبر اسلام حضرت محمد (ص) سے منسوب ہیں، لیکن آل سعود نے تکفیری ملائوں کے خود ساختہ فتوئوں پر اس مقدس اور تاریخی قبرستان کو مسمار کرکے اسلامی آثار کو مٹانے کی جسارت کی ہے۔

شیعہ مسلمانوں کے چار معصوم امام اس قبرستان میں دفن ہیں، لیکن ابن تیمیہ کے پیروکاروں نے اپنے شیطانی اقدام سے پیامبر اسلام پر ایسی شدید ضرب لگائی ہے کہ جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور اس میں سے خون رس رہا ہے۔ 8 شوال کو اس تاریخی اور مقدس قبرستان کی مسماری کے خلاف اہلبیت رسول کے چاہنے والے مسلمان دنیا بھر میں یوم انہدام جنت البقیع منا کر آل سعود اور تکفیری وہابی ملائوں سے اپنی نفرت و برات کا اظہار کرتے ہیں اور شاہ و شیخ کے شیطانی اتحاد پر خدائی لعنت بھیجتے ہیں۔ یوم انہدام جنت البقیع حقیقت میں آل سعود اور ان کے تکفیری ملائوں کے افکار و نظریات کے انہدام کا دن ہے۔ آج کا دن عہد کی تجدید کا دن ہے، جس کا اظہار مومنین "اِنّی سِلْمٌ لِمَنْ سالَمَکُمْ وَ حَرْبٌ لِمَنْ حارَبَکُمْ" کی صورت میں اپنی ہر دعا میں کرتے ہیں۔ یہ دن آل سعود کی حقیقی ماہیئت کو بے نقاب کرنے اور خادم حرمین شریفین کے مقدس لقب میں چھپے ہوئے حرمین شریفین کے خائنین کے ناپاک ابلیسی چہروں کو امت مسلمہ کے سامنے عیاں کرنے کا دن ہے۔
خبر کا کوڈ : 799061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش