0
Sunday 19 Dec 2021 20:49

لاہور کی مردہ باد اسرائیل ریلی اتحاد امت کا شاندار اظہار

لاہور کی مردہ باد اسرائیل ریلی اتحاد امت کا شاندار اظہار
لاہور سے ابو فجر لاہوری کی رپورٹ

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی دھمکیوں کیخلاف تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام لاہور کی تاریخی مال روڈ پر "مردہ باد اسرائیل ریلی" نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ ریلی میں شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی، اہلحدیث سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء، عمائدین اور زعماء نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان میں جہاں ایک طرف او آئی سی کا اجلاس جاری ہے، وہیں پاکستان کے غیور عوام کی جانب سے اسرائیل سے برات کا اظہار کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونیوالی مردہ باد اسرائیل ریلیوں نے مسلم ممالک کے حکمرانوں کو واضح پیغام دیدیا ہے کہ وہ کسی طور بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، بلکہ اسرائیل کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار اور متحد ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اہلحدیث رہنماء شمشاد احمد سلفی کا کہنا تھا کہ آج تمام مسلمان مکاتب فکر اسرائیل کیخلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان صرف دو ملک ہیں، جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، ہم عوام اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں، جبکہ ہمارے حکمران عمران خان سعودی عرب گئے تھے اور کڑی شرائط پر امداد لے کر آئے اور اندر کھاتے جو باتیں ہوئیں، ان میں بھی کہا گیا کہ تم اسرائیل کو تسلیم کرلو، لیکن یہ عوام کی طاقت کی وجہ سے اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ پیر غلام رسول اویسی نے کہا کہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام آج کی یہ ریلی، امریکہ اور اسرائیل کی تباہی تک اسی طرح متحد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اکابرین ملت اسلامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مسالک و مکاتب فکر کی تفریق کے بغیر ایک کلمہ، ایک کتاب، ایک رسول، ایک دین کیلئے جمع ہوئے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ ہم کل بھی ایک تھے، آج بھی ایک ہیں اور کل بھی ایک رہیں گے۔ انہوں نے کہا یہود و ہنود ریت کی دیوار ہیں، مسلمان کی غیرت پہلے بھی زندہ تھی، آج بھی زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب شیعہ سنی نہیں بلکہ حسینی و یزیدی فرقے بنیں گے، جو اسرائیل کسیاتھ شامل ہوگئے ہیں، وہ مسلمان نہیں، بلکہ یزیدی ہیں۔

جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء پیر نعیم نوری نے کہا کہ ہم گھاس کھا لیں، بھوکے رہ لیں گے، لیکن اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ جواد نقوی جب بھی کال دیں گے، ہم ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ پیر ہارون گیلانی نے کہا کہ ہم نے اگر سعودی عرب کو آل سعود سے نجات دلا دی تو اسرائیل خود بخود ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ہمیں کہتے ہیں سعودی عرب کیخلاف بات نہ کرو، ہم واضح کرتے ہیں کہ سعودی عرب کے نہیں بلکہ آل سعود کیخلاف ہیں، ہم سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، ہمیں مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے آل سعود سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مال روڈ گواہی دے گا کہ چالیس سال تک اس سڑک پر مردہ باد اسرائیل کا نعرہ لگتا رہا، آج یقین ہوگیا ہے کہ اسرائیل کی نابودی پاکستانیوں کے ہاتھوں ہونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمشاد سلفی نے فون کرکے کہا کہ اسرائیل نے ایران کو دھمکی دی ہے اور آُپ خاموش بیٹھے ہیں، باہر کیوں نہیں نکلتے؟ تو ان کی ہدایت پر ہم نے اس ریلی کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس لئے گستاخ ہوگیا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے اس شیطان کو تقویت دی ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ ایران کے مخالف یاد رکھیں، اگر ایران پر حملہ ہوا تو اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونیوالی ان ریلیوں نے دنیا بھر کے اسلام آباد میں جمع ہونیوالے مسلمان وزرائے خارجہ کو یہ باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کے تمام مسالک ناجائز اسرائیلی ریاست کیخلاف متحد ہیں اور اس کو صفحہ ہستی سے مٹائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اسرائیل کے بارڈر پر مٹھی بھر جوانوں کو لے کر اسرائیل کے مقابلے میں بیٹھا ہوا ہے، تم اس کا مقابلہ نہیں کرسکتے، ایران تو دور ہے۔ جس طرح ہم نے ہندوستان کیلئے چونڈہ کو قبرستان بنا دیا تھا، اسی طرح اسرائیل کو  اسرائیل میں پناہ نہیں ملے گی اور خلیج کو اسرائیل کا قبرستان بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل اور برطانیہ جو کہتے ہیں، وہ کر نہیں سکتے، یہ دھمکی بھی گستاخی ہے، گستاخی کا جواب نہ دیا جائے تو گستاخ حد سے بڑھنا شروع ہو جاتا ہے، اس وقت او آئی سی کا اجلاس ہو رہا ہے، جس میں افغانستان کے مسئلے پر گفتگو ہو رہی ہے، سعودی عرب او آئی سی کا سربراہ ہے، جو کشمیر کیلئے او آئی سی کا اجلاس نہیں بلا سکتے، مودی جیسے ملعون کو اعلیٰ تمغہ دیا، تو اس اجلاس سے بھی ہمیں کوئی توقع نہیں، یہ افغانستان کو فروخت تو کرسکتے ہیں، اسے مسائل سے نجات نہیں دے سکتے، ستاون ملک الگ نہیں ہیں بلکہ ستاون ممالک میں ایک امت رہتی ہے، جب دین پر آنچ آئے تو یہ امت جسد واحد کی طرح میدان میں آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں دیوبند، اہلحدیث، بریلوی، شیعہ علماء، خواتین، جوان سب موجود ہیں، جو اظہار ہے کہ پوری امت متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فنکاروں کو بلا کر پاک سرزمین کی توہین کی گئی ہے۔

اسرائیل اور انڈیا ایک ہیں، انڈیا میں بھی مسلمان مظلوم ہیں اور اسرائیل میں بھی مسلمان عتاب کا شکار ہیں، یہ ریلی اسرائیل کیخلاف نہیں بلکہ صہیونیوں کیخلاف ہے، خواہ وہ صہیونی ہندو ہو، یہودی ہو یا آل سعود میں سے ہو، ان کیخلاف یہ ریلی ہے۔ انہوں کہا کہ ہم سب ایک امت ہیں، ہمارا خدا ایک ہے، ہماری کتاب ایک ہے، ہمارا رسول ایک ہے، ہم سب ایک امت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت اپنے اختلافات کو ختم کرکے امت واحدہ ہے، اسلامی زمینیوں پر جو کچھ دشمن کر رہا ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور خیانت کار مذہبی و سیاسی لوگ جو کر رہے ہیں، ہم اس کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ہدف صرف ایران نہیں بلکہ پاکستان بھی ہے، ہم اپنے وطن کے دفاع کیلئے متحد ہیں اور اسرائیل نے کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 969291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش