0
Sunday 17 Jul 2011 19:02

پاکستان کے عوام اور قومی اتحاد کا اصلی دشمن امریکہ

پاکستان کے عوام اور قومی اتحاد کا اصلی دشمن امریکہ
 تحریر:محمد علی نقوی
تہران کے دورے پر آنے والے پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے ہفتے کی شام اپنے وفد کے ساتھ رھبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رھبر انقلاب اسلامی نے ایران اور پاکستان کے دینی، تاریخی اور ثقافتی اشتراکات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان کے عوام اور قومی اتحاد کا اصلی دشمن مغرب اور ان میں سر فہرست امریکہ ہے۔ رھبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ موجودہ مشکلات اور مسائل سے پاکستان کے عوام کی نجات کا واحد راستہ اسلام اور اسلامی تعلیمات سے رشتے کو مضبوط رکھنا ہے۔
دو پڑوسی اور اسلامی ملک ہونے کے ناطے ایران اور پاکستان کے مسلمان عوام کے درمیان ایک ایسا تعلق پایا جاتا ہے کہ جسے حوادث زمانہ متاثر نہیں کرسکتے۔ میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان میں ایرانی شہریوں کے خلاف جتنے بھی جان لیوا واقعات ہوئے انہیں حکومت اور ملت ایران نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن کے اقدامات سے تعبیر کیا اور اس میں کوئی شک بھی نہیں کہ ایران اور پاکستان کے دشمن ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں یا ان میں فروغ آئے۔ البتہ یہ ان کی ناسمجھی اور لاعلمی ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنے اقدامات سے وہ ان تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات رسمی اور محض سفارتی سطح پر استوار نہیں بلکہ اس سے بالا تر ہیں اور ان تعلقات کی جڑیں دونوں قوموں کی ثقافت اور مذھبی اقدار میں پیوست ہیں۔ 
اعلٰی ایرانی قیادت کے بیانات اور اقدامات میں پاکستانی قوم سے، ملت ایران کے لگاؤ اور دوستی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس وقت پاکستانی قوم جس کرب سے دوچار ہے اس کو پوری طرح ایران میں محسوس کیا جاتا ہے اور اس بات کو سمجھا جا سکتا ہے کہ حکومت اور ملت ایران پاکستانی قوم کے مسائل کے حل میں کتنی سنجیدہ ہے۔ چنانچہ کل جب صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ان کے ہمراہ وفد نے رہبر انقلاب اسلامی کی قیام گاہ پر ان سے ملاقات کی تو مسئلہ سب سے پہلے رہبر انقلاب اسلامی نے اٹھایا اور جس چیز پر اپنے دکھ کا اظہار کیا وہ پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کا حل تھا۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے گفتگو کے دوران فرمایا کہ پاکستانی عوام کو مسائل اور مشکلات سے نجات دلانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پاکستان اسلام اور اسلامی تعلیمات سے جڑا رہے۔ پاکستان کی قومی اتحاد اور ارضی سالمیت کو لاحق کھلے خطرات کے حوالے سے پاکستان کے بعض دشمنوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا پاکستانی عوام اور اس ملک کی قومی وحدت کا حقیقی دشمن مغرب ممالک خصوصاً امریکہ ہے۔ آپ نے فرمایا کہ پاکستانی عوام کی طویل جدوجہد میں محمد علی جناح اور علامہ اقبال جیسی شخصیات ابھر کر سامنے آئیں اور اس ان تھک جدو جہد کی خصوصیت یہ تھی کہ پاکستان کے عوام اسلام سے جڑے ہوئے تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ایران اور پاکستان کے درمیان دینی، تاریخی اور ثقافتی مشترکات کی طرف اشارہ کیا اور پاکستانی قوم کو ایک عظیم اور ایسی قوم سے تعبیر کیا کہ جو اسلام پر یقین رکھتی ہے۔ آپ نے فرمایا پاکستان کی کوئی بھی ترقی و پیشرفت، اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے باعث مسرت ہے۔ گذشتہ ماہ (25 جون) کو بھی صدر آصف علی زرادی نے اپنے دورہ تہران کے موقع پر رہبر انقلاب سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی رہبر انقلاب اسلامی نے ملت پاکستان کے اتحاد کو امریکہ کے ناپاک عزائم کی ناکامی کا موجب قرار دیا تھا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں تفرقہ پیدا کر کے اپنے ناجائز مقاصد حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے، لیکن واشنگٹن کے ناپاک عزائم سے پاکستانی عوام کی آگہی و بصیرت، امریکہ کی تسلط پسندی کے مقابل میں پاکستانی قوم کی زیادہ سے زیادہ استقامت کا باعث بنے گی۔ 
بلاشبہ پاکستانی قوم کی مشکلات اور مصائب و آلام کی بنیادی وجہ امریکہ اور اس کی پالیسیاں ہیں اور اگر پاکستانی قیادت اور سیاست دان چاہتے کہ ملت پاکستان ان مسائل سے نجات پائے تو جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے تو پھر مغربی ملکوں اور امریکہ کو دشمن کی نظر سے دیکھنا ہوگا یا کم از کم ان کے ساتھ تعلقات کی نوعیت پر نظرثانی کرنی ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 85592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش