1
0
Tuesday 22 Sep 2015 00:09

نواز لیگ کی حکومت ہی گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اشرف صدا

نواز لیگ کی حکومت ہی گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اشرف صدا
اشرف حسین صدا کا تعلق اسکردو ہے اور مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کے ترجمان کی حیثیت سے سیاسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز نے ان سے گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم انٹرویو کیا ہے، جو اپنے محترم قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔ (ادارہ)

اسلام ٹائمز: سابق وزیراعلٰی سید مہدی شاہ کا کہنا ہے کہ شگر کھرمنگ اضلاع ڈھونگ ہیں، ابھی تک ان اضلاع میں اسامیوں کا اعلان نہ ہونا ہی اس بات کی دلیل ہے، اس بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گے۔؟
اشرف صدا:
جن لوگوں نے نئے ضلاع قائم کئے ہیں، وہی ان اضلاع میں اسامیاں بھی دیں گے۔ سابق وزیراعلٰی سید مہدی شاہ کو فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، عہدہ ختم ہوئے ایک سال کا عرصہ ہونے کو ہے، تاہم سید مہدی شاہ آج بھی خود کو وزیراعلٰی سمجھ رہے ہیں، یہ ان کی بھول ہے۔ ہم مدبرانہ سیاست کرکے عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ کھرمنگ اور شگر اضلاع کے حوالے سے ڈھونگ تو مہدی شاہ نے خود رچایا تھا، جبکہ نواز لیگ کی حکومت نے اس پر باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، بہت جلد سیٹ اپ قائم ہوگا۔

اسلام ٹائمز: سید مہدی شاہ سمیت بہت سوں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون نے حکومت میں آتے ہی کرپشن کی گنگا میں نہانا شروع کر دیا ہے، اس بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گے۔؟
اشرف صدا:
میں یہ کہنا چاہوں گا کہ جو لوگ مسلم لیگ نون پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں، وہ خود سر تا پا کرپٹ ہیں، مہدی شاہ اور ان کے حواریوں نے کرپشن کی کئی مثالیں قائم کیں، کرپشن کی گنگا کو مسلم لیگ نون شفافیت کے پانی سے صاف کرے گی اور خطے میں میرٹ، انصاف اور عدل کا نیا نظام قائم کیا جائے گا۔ سابق صوبائی حکومت کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہم پر کرپشن کے الزامات لگائے، کیونکہ انہوں نے اپنے دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈر توڑ دیئے اور تمام حدیں پار کی ہیں۔ محکمہ تعلیم، تعمیرات، صحت غرض ہر میدان میں انہوں نے کرپشن کی مثالیں قائم کی ہوئیں ہیں اور آپ کے توسط سے گلگت بلتستان کے عوام کو ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے دور میں کوئی حقدار حق سے محروم نہیں رہے گا، جس کا جو حق بنے گا، اس کو اس کا حق مل جائے گا۔

اسلام ٹائمز: گلگت بلتستان کی عوام آپکی کارکردگی سے مطمئن نہیں، کیونکہ تاحال کوئی بڑا منصوبہ شروع کرنے میں آپکی حکومت کامیاب نہیں ہوسکی ہے، آپ کیا سمجھتے ہیں کہ کن منصوبوں پر مستقبل قریب میں کام شروع ہوگا اور عوام کو کیا پیغام دینا چاہیں گے۔؟
اشرف صدا:
ہم پاک چائینہ اکنامک کوریڈور، دیامر بھاشہ ڈیم، گلگت اسکردو روڈ، شتونگ نالہ، شونٹر روڈ، ہنزل پاور پراجیکٹ، بلتستان یونیورسٹی، گلگت میں امراض قلب کے ہسپتال، لب ٹاپ سکیم، میرٹ کی بحالی، روزگار کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے سمیت دیگر اہم منصوبوں پر کام کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں اور یہ منصوبے اتنے بڑے منصوبے ہیں کہ جس سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائے گی۔ بہت جلد ان منصوبوں پر کاموں کا آغاز کرکے عوام کو خوشخبری دیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نواز لیگ کی حکومت ہی گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور جن لوگوں نے نئے اضلاع کے معاملے پر افواہیں پھیلائی تھیں، وہ اس وقت گلگت اسکردو روڈ اور بلتستان یونیورسٹی جیسے کثیر المقاصد منصوبوں کے بارے میں من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ عوام افواہ ساز فیکٹریوں کی افواہوں میں آنے سے باز رہیں اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے مسلم لیگ نون کی حکومت پر بھرپور اعتماد کریں۔

اسلام ٹائمز: گلگت بلتستان میں آپکو بھاری مینڈیٹ کے ساتھ حکومت ملی ہے، اسکے بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گے۔؟
اشرف صدا:
موجودہ صوبائی حکومت عوام کے بھاری منیڈیٹ کو امانت اور امتحان سمجھتی ہے، ہم زندگی کے ہر شعبے میں مثبت تبدیلی لائیں گے اور عوام دوست اصلاحات لانے کی سنجیدہ کوششیں کریں گے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، گورنر برجیس طاہر، وزیراعلٰی حافظ حفیظ الرحمٰن اور ان کی ٹیم گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو انصاف کی فراہمی تعلیم، صحت، معدنیات، بجلی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرکے انقلابی کام کر رہی ہے۔ گلگت سکردو روڈ سمیت اہم منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی اور خوش حالی کا نیا دور شروع ہوگا اور عوام کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلیاں رونما ہونگی۔

اسلام ٹائمز: پاک چین اکنامک کوریڈور کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کو شدید تحفظات ہیں، کیا ان تحفظات کو دور کیا جائے گا۔؟
اشرف صدا:
اقتصادی راہداری کے منصوبے سے گلگت بلتستان کو دنیا میں ممتاز اور منفرد مقام حاصل ہوگا اور ہمارے علاقے کو ممتاز حیثیت حاصل ہوگی اور یہاں تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور زمینوں کی قیمتیں دگنی ہوجائیں گی اور عوام کو روزگار کے بڑے مواقع میسر آئیں گے۔ اسی طرح عطاءآباد ٹنل کے افتتاح سے پاک چین تجارت کو وسیع پیمانے پر فروغ ملے گا اور دونوں ملکوں میں قربت مزید بڑھے گی اور تاجروں کو درپیش مسائل حل ہوجائیں گے۔ جہاں تک ان فوائد کے باوجود عوام کو جو تحفظات ہیں، ان کو یقیناً دور کیا جائے گا۔

اسلام ٹائمز: گلگت بلتستان میں نیب اور ایف آئی کیجانب سے کرپشن کیخلاف کاروائیوں کو آپ کس نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آپکی حکومت سے تحفظات یہ ہیں کہ آپکی حکومت ان دونوں اداروں میں مداخلت کرے گی۔؟
اشرف صدا:
گلگت بلتستان میں نیب اور ایف آئی اے اپنی کارروائیوں میں آزاد ہیں، یہ دونوں وفاقی ادارے ہیں، عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا محاسبہ ان کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت قومی احتساب کے اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، اگر پانچ سال قبل گلگت بلتستان میں تحقیقاتی اداروں کا قیام عمل میں لایا جاتا تو آج یہ علاقہ ادھورے منصوبوں کا قبرستان بنتا نہ ہی نوکریوں اور ٹھیکوں کی لوٹ سیل لگتی۔ مسلم لیگ نون ملک کے دوسرے حصوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی احتساب کا عمل چاہتی ہے، تاکہ خطہ کرپشن سے پاک ہوسکے۔

اسلام ٹائمز: ملک کو سب سے زیادہ نقصان کس چیز سے پہنچا ہے اور اس مسئلے کا حل آپکی حکومت کے پاس کیا ہے۔؟
اشرف صدا:
بدامنی، انتہا پسندی، کرپشن اور دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت جو کارروائیاں ہو رہی ہیں، اس سے ملک مضبوط اور ناقابل تسخیر قوت بن جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان سے ملک میں امن و امان بحال ہوگا اور کرپشن کا خاتمہ بھی ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 486817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
گلگت بلتستان میں نواز حکومت کی یہ پہلی اور آخری حکومت ہوگی ۔۔۔ انشاءاللہ
ہماری پیشکش