0
Monday 24 Dec 2018 21:37
جن لوگوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے، انہیں ضرور سزا ہونی چاہیئے

دنیا جانتی ہے کہ شام میں داعش کو شکست کس نے دی، ٹرمپ کا اعلان ایک مذاق ہے، علامہ وحید کاظمی

قائداعظم نے جیسا پاکستان قائم کرنیکی جدوجہد کی، ہمیں اس ہدف کیطرف جانا چاہیئے
دنیا جانتی ہے کہ شام میں داعش کو شکست کس نے دی، ٹرمپ کا اعلان ایک مذاق ہے، علامہ وحید کاظمی
علامہ سید وحید عباس کاظمی کا تعلق ہزارہ ڈویژن کے علاقہ ضلع ہری پور سے ہے، وہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری تنظیم سازی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ آج کل انکے پاس ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے عبوری سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری ہے۔ وہ ایک فعال اور متحرک تنظیمی رہنماء کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ خوش اخلاق اور نرم طبعیت کے مالک انسان ہیں، اسلام ٹائمز نے علامہ سید وحید عباس کاظمی کیساتھ ایک انٹرویو کا اہتمام کیا، جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔(ادارہ)

اسلام ٹائمز: آپکو جب سے موجودہ تنظیمی ذمہ داری ملی ہے، اسکے بعد اب تک تنظیمی فعالیت کیلئے آپ نے کیا اقدامات کئے ہیں۔؟
علامہ وحید کاظمی:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ میں سب سے پہلے تو آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے موقع دیا کہ اپنا نقطہ نظر بیان کرسکوں۔ ہمارے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی کا کچھ عرصہ قبل ٹریفک حادثہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور تنظیمی امور چلانے سے قاصر تھے، آغا صاحب کے حادثہ کے بعد بندہ ناچیز کو آئندہ تنظیمی ٹینور یعنی 30 مارچ 2019ء تک عبوری طور پر یہ ذمہ داری دی گئی۔ گذشتہ تین ماہ کے دوران ہم نے صوبہ کے مختلف اضلاع کے دورہ جات کئے اور تنظیم سازی پر زیادہ فوکس کیا، اب اضلاع آہستہ آہستہ مزید فعال ہو رہے ہیں۔ امید ہے کہ اضلاع کی فعالیت کا سلسلہ ہم آئندہ ماہ تک مکمل کر لیں گے، جس کے بعد اگلے اہداف کی طرف جایا جائے گا، ہم قوم کی فکری تربیت کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: خیبر پختونخوا صوبہ دہشتگردی کا بری طرح شکار رہا ہے، اب حالات کیسے ہیں۔؟
علامہ وحید کاظمی:
جی بالکل، اس میں کوئی شک نہیں، تاہم ماضی کے مقابلہ میں اس وقت حالات کافی بہتر ہیں، دہشتگردی کے واقعات میں تو کافی کمی آئی ہے، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ اب حالات کو مزید بہتر ہونا چاہیئے، حکومت کی ترجیحات تو ٹھیک لگ رہی ہیں، اب کوشش کی جائے کہ عوام کو مکمل طور پر جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔

اسلام ٹائمز: خیبر پختونخوا میں اسوقت آپکی ملت کو کیا کیا اہم مسائل درپیش ہیں۔؟
علامہ وحید کاظمی:
مسائل تو کافی ہیں، جن میں اہم ترین مسئلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہمارے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ اب بھی ہو رہی ہے، گوک ہ اس پر سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا ہے اور کارروائی ہو رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مسئلہ عدلیہ اچھے طریقہ سے حل کرے گی، اس کے علاوہ کوٹلی امام حسین علیہ السلام کا مسئلہ ہے، ضلع ہنگو کے علاقہ شاہو خیل میں دہشتگردوں کی جانب سے کافی عرصہ قبل تباہ کئے گئے مکانات ویسے ہی ہیں، حکومت کو اس پر نوٹس لینا چاہیئے اور ہمارے لوگوں کی آباد کاری کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، اورکزئی میں بھی دھماکہ ہوا، وہاں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پاراچنار میں ہمارے لوگوں کی زمینوں کا مسئلہ ہے وہ حل ہونا چاہیئے۔

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان کی ٹارگٹ کلنگ پر لئے جانیوالے ازخود نوٹس پر اب تک کیا پیشرفت ہوسکی ہے۔؟
علامہ وحید کاظمی:
چیف جسٹس جناب ثاقب نثار صاحب نے اس اہم مسئلہ پر نوٹس لیا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، ہماری جماعت بھی اس کیس کی سماعت میں فریق ہے، ہمارے مقامی دوست کیس کے سماعت کے دوران عدالت میں پیش بھی ہوئے ہیں، چیف جسٹس صاحب نے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی ہے، بعض چیزیں سامنے بھی آئی ہیں، ہم دعاگو ہیں کہ اس کیس میں ہمارے شہداء کے خانوادوں کو انصاف ملے۔

اسلام ٹائمز: قبائلی علاقہ جات کو خیبر پختونخوا میں شامل کیا جا رہا ہے، آپکی جماعت اس اقدام کو کیسے دیکھتی ہے۔؟
علامہ وحید کاظمی:
یہ بہت اچھا اقدام ہے، اس سے قبائل میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم ہوگا، لوگوں کی حالت زار بہتر ہوگی، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی، لہذا میں سمجھتا ہوں کہ اس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

اسلام ٹائمز: آج میاں نواز شریف صاحب کو سزاء ہوئی ہے، اس پر کیا کہیں گے۔؟
علامہ وحید کاظمی:
یہ انصاف کی فتح ہے، جن لوگوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے، انہیں ضرور سزا ہونی چاہیئے، قوم کا پیسہ واپس آنا چاہیئے، احتساب بلاامتیاز ہونا چاہیئے، جو جو کرپشن میں ملوث ہے، اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اسلام ٹائمز: ٹرمپ نے شام سے افواج واپس بلانے اور داعش کے خاتمے کا اعلان کیا، اس اعلان کو کیسے دیکھتے ہیں۔؟
علامہ وحید کاظمی:
ٹرمپ کا یہ اعلان ایک مذاق ہے، دنیا جانتی ہے کہ داعش کو شام میں کس نے شکست دی، یہ شکست علی علیہ السلام کے ماننے والوں نے دی ہے، شام میں امریکہ کو سوائے رسوائی کے کچھ نہیں ملا، امریکہ نہ بشار الاسد کی حکومت کو ختم کرسکا، نہ داعش کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کرسکا، امریکی فوج کی شام کی واپسی شکست کی وجہ سے ہو رہی ہے، امریکہ جان چکا ہے کہ شام میں وہ اپنے عزائم کی تکمیل نہیں کرسکا۔

اسلام ٹائمز: یمن جنگ کا کیا مستقبل دیکھ رہے ہیں۔؟
علامہ وحید کاظمی:
فتح ہمیشہ حق کی ہوئی ہے، یمن کے عوام اور حوثی قبائل حق پر ہیں، آل سعود نے ان پر حملہ کیا، انہوں نے کسی پر حملہ نہیں کیا، انہوں نے نہتے جنگ لڑی ہے، دنیا کو یمن کے مظلوم کیوں نظر نہیں آتے، یمن میں ہزاروں بچے بھوک و پیاس اور ادویات نہ ملنے کی وجہ سے شہید ہوچکے ہیں، بمباری کی وجہ سے شہید ہونے والے اس کے علاوہ ہیں، اس جنگ کا نتیجہ آل سعود اور اس کے اتحادیوں کی بری طرح شکست پر ہی نکلے گا۔

اسلام ٹائمز: آخر میں یوم ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور قائداعظم ڈے کے حوالے سے ہمارے قارئین کو کیا پیغام دینا چاہینگے۔؟
علامہ وحید کاظمی:
میں تمام دنیا کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کو قائداعظم ڈے پر یہ کہنا چاہوں گا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جیسا پاکستان قائم کرنے کی جدوجہد کی، ہمیں اس ہدف کی طرف جانا چاہیئے، ہمیں ایسا پاکستان چاہیئے جہاں تمام پاکستانیوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں، ہر کوئی اپنی اپنی عبادات کی انجام دہی میں آزاد ہو، ہر شہری کو جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ حاصل ہو، ہم جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہتے ہیں اور حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اپنی توانائیاں خرچ کرے۔ بہت شکریہ آپ کا اور آپ کے ادارے کا۔
خبر کا کوڈ : 768496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش