0
Friday 23 Sep 2011 20:20

پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، امریکا غلط فہمیوں کو دور کرے، یوسف رضا گیلانی

پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، امریکا غلط فہمیوں کو دور کرے، یوسف رضا گیلانی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا چاہتا ہے ایسے بیانات نہ دیئے جائیں جس سے تعلقات متاثر ہوں پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پورٹ ٹرسٹ میں تین برتھوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ ان برتھوں کی تعمیر کا کام 2008ء میں کوریا کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بین الاقوامی طرز پر بنانا ناگزیر ہے۔ نئی برتھوں کی تعمیر سے بحری راستوں سے آنے والے سامان کی ترسیل آسان ہو گی۔ ملک کی تمام بندرگاہوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت کارگو ولیج کا قیام بڑا منصوبہ ہے، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے روابط بڑھائے۔ امریکہ کو پاکستان کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے عالمی برادری اور ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا چاہتا ہے ایسے بیانات نہ دیئے جائیں جس سے تعلقات متاثر ہوں، پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان اور امریکا ایک دوسرے سے بہتر تعلقات کے بغیر نہیں رہ سکتے، بہتر ہے غلط فہمیوں کو جنم نہ دیا جائے تاکہ عوام کے ذہنوں میں امریکا سے متعلق تحفظات کو ختم کیا جا سکے۔
کراچی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن اولین ترجیح ہے فوج مستقل حل نہیں، سیاسی اور جمہوری حکومت ہی ملک میں استحکام لاسکتی ہے۔ کراچی میں بلاتفریق اقدامات کئے ہیں رینجرز کو اختیارات دینے سے بہتری آئی ہے۔ کراچی کے حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی کے مسئلے کے سیاسی حل کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایم کیو ایم والے حکومت کے ساتھ ہیں، ان کے استعفی قبول نہیں کئے گئے۔  یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان آزاد اور خودمختار افغانستان کا حامی ہے، خطے میں قیام امن کے لئے سب کو مل کر چلنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ اور شپنگ انڈسٹری کی ترقی کے لئے بابر غوری کی خدمات قابل قدر ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے خصوصا سندھ میں اپنے بھائیوں کی مدد کرنے کے لئے قوم آگے بڑھے، اس وقت ملک کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن کے پی ٹی نسرین حق نے کے پی ٹی کے افسران اور ملازمین کی طرف سے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 100970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش