0
Saturday 24 Sep 2011 17:53

امریکہ کی نابودی کا وقت آن پہنچا، بہت جلد ظلم کا سورج غروب ہونے والا ہے، ناصر عباس شیرازی

امریکہ کی نابودی کا وقت آن پہنچا، بہت جلد ظلم کا سورج غروب ہونے والا ہے، ناصر عباس شیرازی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی کنونشن کے دوسرے روز کی خصوصی نشست میں ممتاز دانشور ناصر عباس شیرازی نے ’’ولایت فقیہہ اور عرب ملکوں میں بیداری کی لہر‘‘ کے عنوان سے اپنے لیکچر میں کہا کہ عرب ملکوں میں اٹھنے والی بیداری کی یہ لہر انقلاب اسلامی ایران کی بدولت ہے، عرصے سے عرب عوام شہنشاہی نظام میں پس رہے تھے اور ان پر امریکہ کے ایجنٹ مسلط تھے جو عرب عوام کے بجائے امریکی مفادات کے تحفظ میں مصروف تھے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ عرب ملکوں میں اٹھنے والی اس لہر سے قبل ہی رہبر معظم انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای نے فرما دیا تھا کہ عرب عوام بیدار ہو رہے ہیں اور بہت جلد عرب ملکوں میں تبدیلی آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ذریعے اس صورتحال کو اپنے حق میں کرنے کے لئے بہت کوشش کی، لیکن اسے خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی، لیبیا کی مثال ہمارے سامنے ہے، کرنل قذافی امریکی سی آئی اے اور برطانوی ایم سکس اور فرانسیسی خفیہ ایجنسی کے لئے کام کر رہے تھے، قذافی کے محل سے برآمد ہونے والی دستاویزات سے ثابت ہو چکا ہے کہ وہ پس پردہ امریکہ کے لئے کام کر رہا تھا، اب اخوان المسلمین نے عوام کو بیدار کیا لیکن امریکہ نے اس تحریک کو ہائی جیک کرنے کے لئے نیٹو فورسز کو استعمال کیا۔
لیبیا میں نیٹو فورسز عام شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں ان کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ ان کی گولی کا نشانہ کون بن رہا ہے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای اور ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے دو ٹوک انداز میں شیطان زمانہ امریکہ کو متنبہ کیا کہ اس کی سازشیں اب انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں، یہ انقلاب اسلامی کی تاثیر کا نتیجہ ہے کہ آج امریکہ میں اس کے اپنے ملک باشندے اس کے خلاف بول رہے ہیں، وینزویلا اور لاطینی امریکہ کو کس نے زبان دی کہ وہ حق بات کا علم بلند کریں؟ یہ انقلاب کے اثرات ہیں۔ وہ ممالک مسلمان بھی نہیں، لیکن امریکہ کی بربادی کا آغاز اسی طرح ہونا ہے اور امریکہ نے بہت جلد تباہی سے دوچار ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں جاری معاشی بحران ابھی تک کنٹرول نہیں ہو سکا، درجنوں بینک دیوالیہ ہو چکے ہیں اور امریکہ عراق اور افغانستان سمیت دوسرے محاذ پر کروڑوں روپے پھونک کر اپنے شہریوں کو غربت کے اندھیروں میں دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا سارا نظام سود پر ہے اور سود کے حوالے سے اللہ کا حکم ہے کہ یہ مجھ سے کھلی جنگ ہے اور اللہ سے جنگ کرنے والے کا انجام شکست کے سوا کچھ نہیں۔ آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر  نے کہا کہ رہبر کی امید آپ نوجوان ہیں، آپ اپنے آپ کو تیار رکھیں، ایران کے بعد پاکستان شیعہ آبادی والا بڑا ملک ہے اور اسلام محمدی کے حقیقی پیرو شیعان ہی ہیں، اس لئے امریکہ اور اس کے گماشتے تشیع کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا، اپنا نظام مضبوط کرنا ہو گا، اسی میں ہماری بقا ہے، ہمیں تقسیم کیا گیا، مختلف گروہوں میں، اس میں ہمارے لوگ بھی استعمال ہوئے لیکن اب ہمیں بیداری کا ثبوت دینا ہو گا۔
ناصر شیرازی نے کہا کہ نظریہ ولایت فقہیہ دشمن کی آنکھ میں کھٹکتا ہے، اسی لئے امریکہ کوشش کر رہا ہے کہ ملت تشیع کو نظریہ ولایت فقہیہ پر متحد نہ ہونے دے اس مقصد کے لئے اس نے کچھ لوگوں کو خریدا اور ان سے ہماری قوم میں انتشار پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب نظریہ ولایت فقہیہ کے باعث آیا اور آج ہم اگر دنیا میں سچ اور اسلام کا بول بالا چاہتے ہیں تو ہمیں نظریہ ولایت فقہیہ پر عمل پیرا ہونا ہو گا اور اس کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہو گا۔ جو بھی اس مرکز سے الگ ہو گا وہ نابو د ہو جائے گا۔ نظریہ ولایت فقہیہ ملی بقا کے لئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورت حال ہمارے سامنے ہے اور آج فلسطینی صدر اقوام متحدہ میں اپنا وجود ثابت کروانے کے لئے پہنچ چکے ہیں، اور اگر امریکہ نے ویٹو نہ کیا تو فلسطین ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھر آئے گا، انہوں نے کہا کہ امریکہ منافق ہے، جنرل اسمبلی میں نچلی سطح پر تو فلسطین کے حق میں قرارداد منظور ہو جائے گی لیکن اوپر جا کر امریکہ اسے کبھی ووٹ نہیں دے گا بلکہ اس کی مخالفت کرے گا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے مظالم میں برابر کا حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد امریکہ ہے جس نے ناگا ساگی اور ہیروشیما میں دہشت گردی کی، امریکہ نے عراق اور افغانستان میں دہشت گردی کی اور آج پاکستان میں توانائی کا بحران ہو یا غربت کی شرح میں اضافہ، اس میں امریکہ ہی ملوث ہے، ڈرون حملے ہوں یا خودکش دھماکے اس کے ڈانڈھے امریکہ سے ہی جا کر ملتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 101108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش