0
Monday 26 Sep 2011 00:45

سعودی عرب، شاہ عبداللہ نے خواتین کو ووٹ دینے کا حق دے دیا، آئندہ میونسپل الیکشن میں خواتین بطور امیدوار بھی حصہ لے سکیں گی

سعودی عرب، شاہ عبداللہ نے خواتین کو ووٹ دینے کا حق دے دیا، آئندہ میونسپل الیکشن میں خواتین بطور امیدوار بھی حصہ لے سکیں گی
ریاض:اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ نے شوریٰ کونسل کی سفارشات منظور کرتے ہوئے خواتین کو ووٹ دینے کاحق دے دیا۔ اب سعودی عرب میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہو جائے گا اسکے علاوہ وہ آئندہ ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لے سکیں گی۔ سعودی اخبار کے مطابق خواتین کو ووٹ دینے کی منظوری کی سفارشات حتمی فیصلے کیلئے شاہ عبداللہ کو بھیجی گئی تھیں۔ شوریٰ کونسل کے ڈاکٹر عبدالرحمان العناد نے بتایا کہ کونسل نے خواتین کے ووٹ دینے کےحق کیلئے کوئی ٹائم فریم طے نہیں کیا تھا تاہم اب خواتین میونسپل کونسل کے الیکشن میں ووٹ ڈال سکیں گی۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کا حق دے دیا گیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے شوریٰ کونسل سے خطاب کے دوران خواتین کے ووٹ ڈالنے اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ میونسپل الیکشن میں خواتین بطور امیدوار حصہ لے سکیں گی۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ یہ فیصلہ علماء کی مشاورت سے کیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی خواتین کو شوریٰ کونسل میں بھی رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔ ان انتخابات کے انعقاد میں دو برس کی تاخیر ہو چکی ہے۔ سعودی عرب میں پہلی بار میونسپل انتخابات 2005ء میں ہوئے تھے۔ بلدیاتی انتخابات کا دوبارہ انعقاد 2009ء میں ہونا تھا تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ میونسپل کمیٹیوں کے عہدوں کے لیے آدھی نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے جبکہ نصف نشستوں پر نامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو جاتے ہیں۔




خبر کا کوڈ : 101502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش