0
Wednesday 28 Sep 2011 20:33

حکومت بہادر ہوتی تو امریکہ کو ہمارے گھر آ کر ہمیں دھمکیاں دینے کی ہمت نہ ہوتی،نواز شریف

حکومت بہادر ہوتی تو امریکہ کو ہمارے گھر آ کر ہمیں دھمکیاں دینے کی ہمت نہ ہوتی،نواز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ جناح ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں اور مسلم لیگ( ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز جنجوعہ کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاملات میں امریکی مداخلت پر حکومت اور تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اور یہ قوم بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ امریکہ نے جارحیت کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی، امریکہ نواز لابی پاکستان میں متحرک ہو چکی ہے اور عوام میں اس کی ٹیکنالوجی کے قصے کہانیاں سنا کر خوف پیدا کیا جا رہا ہے جو بہادر پاکستانیوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہو گی۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ امریکی مداخلت کے بعد اس بات پر بھی غور کرنا ہو گا کہ آج یہ دن کیوں دیکھنا پڑا ہے، ہمارے حکمرانوں سے ایسی کون سے غلطیاں ہوئی ہیں جن کی وجہ سے امریکہ آج ہمارے گھر آ کر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، قوم کو اگر حقائق سے آگاہ کیا جاتا اور پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی نہ امریکہ کو اتنی ہمت ہوتی کہ وہ ہمارے گھر آ کر ہمیں دھمکیاں دیں اور ہمارے اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کریں۔ ڈینگی کے حوالے سے خدمات پر میاں نواز شریف نے ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹروں کی خدمات پر ہمیں ناز ہے جو اپنی بساط سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں جبکہ میاں شہباز شریف بھی صوبہ میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے دن رات اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پنجاب میں ڈینگی کا اثر کم ہو گیا ہے اور پنجاب حکومت کے اقدامات سے مزید کم ہو جائے گا۔ 

خبر کا کوڈ : 102226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش