0
Saturday 19 Nov 2022 20:16

سنی اتحاد کونسل کا 25 نومبر کو یوم انسداد سود منانے کا اعلان

سنی اتحاد کونسل کا 25 نومبر کو یوم انسداد سود منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ارشد مصطفائی نے 25 نومبر بروز جمعہ المبارک کو ملک بھر میں یوم انسداد سود منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں سودی نظام کیخلاف عوامی سطح پر مہم شروع کر دی ہے، اس سلسلہ میں انسدادِ سود سیمینارز منعقد کیے جائیں گے اور ملک بھر کے خطباء کو خطباتِ جمعہ میں سود کیخلاف آواز اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی طرف سے تمام ممبران پارلیمنٹ کو خصوصی خط ارسال کیا جائے گا جس میں ان سے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں سودی نظام کے خاتمے کی قراردادیں منظور کرنے کی اپیل کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سنی اتحاد کونسل نے سود مخالف لٹریچر کی وسیع پیمانے پر تقسیم کی تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں، جبکہ مہم کے دوسرے مرحلے میں سودی نظام کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے اور حکومت پر سودی نظام ختم کرنے کیلئے دباﺅ ڈالا جائے گا۔ ارشد مصطفائی نے مزید کہا سودی نظام اللہ اور رسول اللہﷺ سے جنگ کے مترادف ہے۔ حکومت پاکستان فوری طور پر سودی کاروبار بند کرے اور جید علما کرام کا بورڈ بٹھا کر اسلامی تجارت، اسلامی بینکاری کا نظام رائج کرے، جان بوجھ کر سودی کاروبار کرنا عذاب الہی کو دعوت دینا ہے۔ ریاست کی فلاح و بہبود کیلئے اس لعنت سے بچنا لازم ہے۔
خبر کا کوڈ : 1025462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش