0
Wednesday 23 Nov 2022 22:17

نون لیگ کو تباہ کرنے میں سب سے زیادہ ہاتھ مریم نواز کا ہے، خالد خورشید

نون لیگ کو تباہ کرنے میں سب سے زیادہ ہاتھ مریم نواز کا ہے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ صوبائی صدر پی ٹی آئی و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کیساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی کنونیئر اویس محبوب کی زیر قیادت انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر پی ٹی آئی و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ آئی ایس ایف پارٹی کی انتہائی اہم ونگ ہے، حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے آئی ایس ایف کے طلباء و طالبات کا جذبہ لائق ستائش ہے، حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے جی بی کے عوام تیار ہیں، عوام میں تاریخی جوش و جذبہ دیکھ کر اپوزیشن پر خوف طاری ہو چکا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ہم اپنے ملک اور اس کے مستقبل کو بچانے کیلئے نکل رہے ہیں، شریف خاندان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، اس لئے یہ آخری حد تک ہمارے ملک اور ہمارے اداروں کو تباہ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، انتخابات سے یہ لوگ بھاگ رہے ہیں، نون لیگ کو تباہ کرنے میں سب سے بڑا ہاتھ مریم نواز کا ہے، یہ جہاں گئی وہاں نون لیگ کو عبرتناک شکست ہوئی، یہ سب لندن بھاگ گئے ہیں اب کوئی واپس نہیں آئے گا، جیسے ہی ان کی حکومت ختم ہوگی باقی سب بھی لندن بھاگ جائیں گے، ان کی جائیدادیں باہر ہیں، جیسے جیسے روپے کی قیمت گرتی جا رہی ہے یہ لوگ امیر ہوتے جارہے ہیں۔

خالد خورشید کا کہنا تھا کہ یہ روز روشن کی طرح عیاں ہوگیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حق اور سچ کے راستے پر ہیں، ہمارے آباؤ اجداد نے بھی حق اور سچ کا ساتھ دیا تھا، انشاء اللہ اس بار پھر تاریخی تعداد میں گلگت بلتستان کے عوام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 25 نومبر کو حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے نکلیں گے اور تاریخ  دہرائی گے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ایس ایف کو ہدایت کی کہ حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے لئے تیاریاں مکمل کریں۔ آئی ایس ایف کے طلباء و طالبات نے صوبائی صدر پی ٹی ئی و وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 1026461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش