0
Thursday 1 Dec 2022 10:04

جاپان, کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، سفیر رضا بشیر

جاپان, کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، سفیر رضا بشیر
اسلام ٹائمز۔ جاپان میں متعین پاکستانی سفیر رضا بشیر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی ہر ممکن اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، دیار غیر میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی و کشمیری بھی ہر سطع پر کشمیر کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جاپان میں معروف کشمیری تنظیم کشمیر یکجہتی فورم کے چئیرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ کی زیر قیادت ایک نمائندہ وفد نے سفیر پاکستان سے سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو میں خصوصی ملاقات کی۔

وفد میں جاپان کی ممتاز کشمیری سیاسی سماجی دینی شخصیات جن میں شاہد مجید ایڈووکیٹ، مغل عبدالمجید، قاری علی حسن، فیاض الدین، رانا آفتاب عالم، علی حیدر، یاسین خان، مرزا خلیل بیگ اور جاپانی مسلم محمد یونس نے جاپان ایمبیسی ٹوکیو میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر رضا بشیر سے طویل ملاقات کی۔

وفد نے سفیر پاکستان کو ٹوکیو میں تعیناتی پر مبارک دی اور خوش آمدید کہا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے، ملاقات میں مسلئہ کشمیر سمیت جاپان میں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر معاملات پر طویل گفتگو کی گئی۔سفیر پاکستان سے جاپان میں مقیم پاکستانی کشمیریوں کے وفد نے جاپان میں مسلئہ کشمیر کو مزید اجاگر کرنے کے لیے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سفیر رضا بشیر تارڑ نے وفد کا خیر مقدم کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

معروف کشمیری شاہد مجید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفیر پاکستان ٹوکیو رضا بشیر وزارت خارجہ کے سینئر افسر ہیں اور بہت سے ممالک میں سفارتکاری کے میدان میں خدمات انجام دے چکے ہیں، کشمیری کمیونٹی ان سے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ شاہد مجید نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خاتمے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر جاپان میں ہر سطع پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 1027832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش