0
Saturday 3 Dec 2022 09:11

لاہور ہائیکورٹ: ممنوعہ فنڈنگ کیس، درخواست 5 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ: ممنوعہ فنڈنگ کیس، درخواست 5 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر
اسلام ٹائمز۔ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ایف آئی اے طلبی کے معاملے پر ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے 5 دسمبر کو مقرر کر دی ہے۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال درخواست پر سماعت کریں گے۔ عدالت نے ایف آئی اے لاہور کا عمران خان کی طلبی کا نوٹس معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے 31 اکتوبر کو طلبی کا نوٹس بھجوایا۔ پی ٹی آئی پنجاب کے ایم سی بی بنک اکاؤنٹ سے متعلق ایف آئی اے کی انکوائری بدنیتی پر مبنی ہے۔
 
عمران خان کو ہراساں کرنے کیلئے ایف آئی اے نے انکوائری کا آغاز کیا۔ سیاسی مخالفین کو فائدہ دینے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین کیخلاف انکوائری شروع کی گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی کے اکاونٹس کھلوانے پر کسی ادارے کو کوئی اعتراض نہیں رہا۔ ممنوعہ فنڈنگ کے الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ایف آئی اے کو اکاونٹس کی چھان بین کی ہدایت نہیں کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان سے اکائونٹس کی تفصیلات یا وضاحت بھی نہیں مانگی تھی۔ الیکشن کمیشن نے محض اکاونٹس کی ترسیلات کا ریکارڈ مانگا تھا۔ پی ٹی آئی پنجاب کے اکائونٹس دفتری اخراجات کیلئے استعمال کئے گئے تھے۔
 
آئین کے تحت فنڈ اکٹھے کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہوتا ہے۔ وزارت داخلہ نے3 اگست کو ٹویٹ کے ذریعے نام ای سی ایل میں ڈالنے پرغور کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اور تفتیشی افسر نے وزارت داخلہ سے آگے بڑھ کر انکوائری شروع کی اور طلبی نوٹسز بھجوانے شروع کر دیئے۔ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002ء میں ممنوعہ فنڈنگ کے ٹرائل کا پورا طریقہ کار موجود ہے۔ ایف آئی اے کو سیاسی جماعت کی فنڈنگ کیخلاف انکوائری کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایف آئی اے کی ممنوعہ فنڈنگ کے الزام کی انکوائری غیرقانونی قرار دیکر کالعدم قرار دے، مزید استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے میں7 نومبر کو طلبی کا نوٹس بھی کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو انکوائری کرنے سے روکا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1028189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش