اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی رہائش زمان پارک لاہور سے اسلام آباد پیشی کیلئے روانہ ہو گئے۔ کارکنان کی بڑی تعداد عمران خان کے ہمراہ ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، اعظم سواتی، فیصل جاوید، علی افضل ساہی بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔ عمران خان براستہ موٹروے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پیشی کیلئے گئے ہیں۔
توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے تھے۔ عمران خان کا رضاکارانہ طور پر پیش ہونے کا بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ نے قبول کر لیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو ٹرائل کورٹ میں آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ راستے میں مختلف ریلیاں بھی موٹروے پر ساتھ ملیں گی اور عمران خان قافلے کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کیساتھ ساتھ عوام کی کثیر تعداد بھی عمران خان کیساتھ ہے۔